April 25, 2024

قرآن کریم > هود

هود

بسم الله الرحمن الرحيم

سُورۃ ھُود

تمہیدی کلمات

            سورۂ ہود کے دس رکوع ہیں، جن میں سے چھ رکوع انباء الرسل پر مشتمل ہیں۔  یہ سورت چونکہ سوره یونس کے ساتھ مل کر جوڑا بناتی ہے اس لیے سوره یونس کے بر عکس اس میں حضرت نوح کا ذکر بہت تفصیل کے ساتھ ہوا ہے جبکہ حضرت موسیٰ کا ذکر بالکل سرسری انداز میں ہے۔ (سوره یونس میں حضرت نوح کا ذکر سرسری انداز میں ہے اور حضرت موسیٰ کا ذکر تفصیل کے ساتھ ہے۔) ان دونوں پیغمبروں کے ذکر کے درمیان میں باقی رسولوں کا ذکر اس سورت میں بالکل سورۃ الاعراف والے انداز میں ہے، یعنی ایک ایک رکوع میں ایک ایک رسول کا تذکرہ ہے۔

            حدیث میں آتا ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق نے نبی مکرم سے عرض کیا: «یا رسول اللہ! آپ پر بڑھاپے کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں»۔  جواب میں حضور نے ارشاد فرمایا: «شَیَّـبَتْنِیْ ھُوْدٌ وَاَخَوَاتُھَا» «مجھے سوره ہود اور اس کی ہم مضمون سورتوں نے بوڑھا کر دیا ہے»۔  اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جب ان سورتوں میں پے در پے تنبیہات نازل ہو رہی تھیں تو آپ کو ہروقت یہ اندیشہ گھلائے دیتا ہوگا کہ کہیں اللہ کی دی ہوئی مہلت ختم نہ ہو جائے اور وہ آخری ساعت نہ آ جائے جب اللہ تعالیٰ کسی قوم کو عذاب میں پکڑ لینے کا فیصلہ صادر فرما دیتا ہے۔ 

UP
X
<>