April 25, 2024

قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 9

يُخَادِعُونَ اللَّهَ وَالَّذِينَ آمَنُوا وَمَا يَخْدَعُونَ إِلَّا أَنْفُسَهُمْ وَمَا يَشْعُرُونَ

 وہ اللہ کو اور ان لوگوں کو جو (واقعی) ایمان لاچکے ہیں دھوکا دیتے ہیں اور (حقیقت تو یہ ہے کہ) وہ اپنے سوا کسی اور کو دھوکا نہیں دے رہے لیکن انہیں اس بات کا احساس نہیں ہے  

  آیت 9:   یُخٰدِعُوْنَ اللّٰہَ وَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا:  وہ دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اللہ کو اور اہل ایمان کو

             یُخٰدِعُوْن َباب مفاعلہ ہے۔ اس باب کا خاصہ ہے کہ اس میں ایک کشمکش اور کشاکش موجود ہوتی ہے۔لہٰذا میں نے اس کا ترجمہ کیا :  وہ دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

             وَمَا یَخْدَعُوْنَ اِلَّآ اَنْفُسَھُمْ:  اور نہیں دھوکہ دے رہے مگر صرف اپنے آپ کو

            یہ بات یقینی ہے کہ اپنے آپ کو تو دھوکہ دے رہے ہیں ‘لیکن یہ اللہ ‘ اُس کے رسول کو اور اہل ِایمان کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ سورۃ النساء کی آیت: 142 میں منافقین کے بارے میں یہی بات بڑے واضح انداز میں بایں الفاظ آئی ہے:  اِنَّ الْمُنٰفِقِیْنَ یُخٰدِعُوْنَ اللّٰہَ وَھُوَ خَادِعُھُمْ.  ’’یقینا منافقین اللہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں‘ حالانکہ اللہ ہی انہیں دھوکے میں ڈالنے والا  ہے۔‘‘

             وَمَا یَشْعُرُوْنَ:  اورانہیں اس کا شعور نہیں ہے۔

            یہ بات بہت اچھی طرح نوٹ کر لیجیے کہ منافقین کی بھی اکثریت وہ تھی جنہیں اپنے نفاق کا شعور نہیں تھا۔ وہ اپنے تئیں خود کو مسلمان سمجھتے تھے۔ وہ محمد رسول اللہ  کے بارے میں کہتے تھے کہ انہوں نے خواہ مخواہ اہل مکہ کے ساتھ لڑائی مول لے لی ہے‘ اس کی کیا ضرورت ہے؟ ہمیں امن کے ساتھ رہنا چاہیے اور امن و آشتی کے ماحول میں ان سے بات کرنی چاہیے۔ وہ سمجھتے تھے کہ ہم خیر خواہ ہیں‘ ہم بھلی بات کہہ رہے ہیں‘ جب کہ یہ بیوقوف لوگ ہیں۔  دیکھتے نہیں کہ کس سے ٹکرا رہے ہیں! ہاتھ میں اسلحہ نہیں ہے اور لڑائی کے لیے جا رہے ہیں۔ چنانچہ یہ تو بیوقوف ہیں۔ اپنے بارے میں وہ سمجھتے تھے کہ ہم تو بڑے مخلص ہیں۔ جان لیجیے کہ منافقین میں یقینا بعض لوگ ایسے بھی تھے کہ جو اسلام میں داخل ہی دھوکہ دینے کی خاطر ہوتے تھے اور اُن پر پہلے دن سے یہ واضح ہوتا تھا کہ ہم مسلمان نہیں ہیں‘ ہم نے مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لیے اسلام  کا محض لبادہ اوڑھا ہے۔ ایسے منافقین کا ذکر سوره آل عمران کی آیت: 72 میں آئے گا۔ لیکن اکثر وبیشتر  منافقین دوسری طرح کے تھے‘ جنہیں اپنے نفاق کا شعور حاصل نہیں تھا۔

UP
X
<>