April 19, 2024

قرآن کریم > الفرقان

الفرقان

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

سُورۃُ الفُرقَان

تمہیدی کلمات

      سورۃ النور کے اختتام کے ساتھ ہی مکی ّمدنی سورتوں کا تیسرا گروپ ختم ہوا۔ یہ گروپ چودہ مکی (سورۂ یونس سے لے کر سورۃ المؤمنون تک) اور ایک مدنی سورت (سورۃ النور) پر مشتمل تھا۔ اب سورۃ الفرقان سے مکی مدنی سورتوں کا چوتھا گروپ شروع ہو رہا ہے۔ اس گروپ میں سورۃ الفرقان تا سورۃ السجدۃ آٹھ مکی سورتیں ہیں، جبکہ آخر میں ایک مدنی سورت (سورۃ الاحزاب) ہے۔ گویا ان دونوں گروپس کی ترتیب میں یہ خوبصورت مشابہت پائی جاتی ہے کہ ان دونوں کے آخر میں ایک ایک مدنی سورت ہے یعنی سورۃ النور اور سورۃ الاحزاب۔ معنوی اعتبار سے ان دونوں مدنی سورتوں کا آپس میں جوڑے کا تعلق بھی ہے۔

      سورۃ الفرقان سے شروع ہونے والا یہ گروپ مکی مدنی سورتوں کی تقسیم کے حوالے سے چوتھا، جبکہ صرف مکی سورتوں کے اعتبار سے تیسرا گروپ ہے۔ اس کی وضاحت یوں ہے کہ پہلے گروپ میں صرف سورۃ الفاتحہ مکی سورت ہے، جو اصولی طور پر مکی اور مدنی تقسیم سے بالا ہے۔ اس طرح مکی سورتوں کا پہلا گروپ گویا سورۃ الانعام سے شروع ہوتا ہے اور اس گروپ میں صرف دو مکی سورتیں ہیں، یعنی سورۃ الانعام اور سورۃ الاعراف۔ دوسرا گروپ سورۂ یونس سے لے کر سورۃ المؤمنون تک چودہ مکی سورتوں پر مشتمل ہے، جبکہ سورۃ الفرقان سے شروع ہونے والے اس تیسرے گروپ میں سورۃ السجدۃ تک آٹھ مکی سورتیں ہیں۔ ان میں سے پہلی سورت یعنی سورۃ الفرقان کے علاوہ باقی سب کا آغاز حروفِ مقطعات ّسے ہو تا ہے۔ سورۃ الشعراء اور سورۃ القصص کا آغاز طٰسٓمّٓ سے ہو تا ہے، جبکہ ان کے درمیان میں سورۃ النمل ہے جو طٰسٓ سے شروع ہوتی ہے۔ باقی چاروں سورتیں (سورۃ العنکبوت، سورۃ الروم، سورۂ لقمان اور سورۃ السجدۃ) الٓــمّٓ سے شروع ہوتی ہیں۔ یہاں ایک قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ سورۃ الفرقان سے شروع ہونے والی مکی سورتیں اگرچہ مختلف گروپس میں تقسیم ہیں، لیکن ان سب کا مرکزی مضمون توحید ہے۔

UP
X
<>