April 23, 2024

قرآن کریم > آل عمران >surah 3 ayat 2

اللَّهُ لا إِلَهَ إِلاَّ هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ

اﷲ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جو سدا زندہ ہے، جو پوری کائنات سنبھالے ہوئے ہے

 آیت 2:     اللّٰہُ لَآ اِلٰــہَ اِلاَّ ہُوَ لا الْحَیُّ الْـقَـیُّـوْمُ :  «اللہ وہ معبود برحق ہے جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں‘ وہ زندہ ہے ‘ سب کا قائم رکھنے والا ہے۔ »

            یہ الفاظ سورۃ البقرۃ میں آیت الکرسی کے آغاز میں آ چکے ہیں ۔  ایک حدیث میں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ایک اسم ِاعظم ہے‘ جس کے حوالے سے اگر اللہ سے کوئی دعا مانگی جائے تو وہ ضرور قبول ہوتی ہے۔  یہ تین سورتوں البقرۃ‘ آل عمران اور طٰــہٰ  میں ہے۔

            آنحضور  نے تعین ّکے ساتھ نہیں بتایا کہ وہ اسم ِاعظم کون سا ہے ‘ البتہ کچھ اشارے کیے ہیں۔  جیسے رمضان المبارک کی ایک شب «لیلۃ القدر» جو ہزار مہینوں سے افضل ہے‘ اس کے بارے میں تعین کے ساتھ نہیں بتایا کہ وہ کون سی ہے‘ بلکہ فرمایا: ((فَالْـتَمِسُوْھَا فِی الْعَشْرِ الْاَوَاخِرِ فِی الْوِتْرِ))   «اسے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو»۔  تاکہ زیادہ ذوق و شوق کا معاملہ ہو۔  اسی طرح اسم ِاعظم کے بارے میں آپ نے اشارات فرمائے ہیں۔  آپ  نے فرمایا کہ یہ تین سورتوں سورۃ البقرۃ‘ سورئہ آل عمران اور سورئہ طٰہٰ میں ہے۔  ان تین سورتوں میں جو الفاظ مشترک ہیں وہ «الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ» ہیں۔  سورۃ البقرۃ میں یہ الفاظ آیت الکرسی میں آئے ہیں‘ سورئہ آل عمران میں یہاں دوسری آیت میں اور سورۃ طٰہٰ کی آیت: 111 میں موجود ہیں۔  

UP
X
<>