April 23, 2024

قرآن کریم > فاطر >sorah 35 ayat 18

وَلا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَى وَإِن تَدْعُ مُثْقَلَةٌ إِلَى حِمْلِهَا لا يُحْمَلْ مِنْهُ شَيْءٌ وَلَوْ كَانَ ذَا قُرْبَى إِنَّمَا تُنذِرُ الَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُم بِالغَيْبِ وَأَقَامُوا الصَّلاةَ وَمَن تَزَكَّى فَإِنَّمَا يَتَزَكَّى لِنَفْسِهِ وَإِلَى اللَّهِ الْمَصِيرُ

اور کوئی بوجھ اُٹھانے والا کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اُٹھائے گا، اور جس کسی پر بڑا بوجھ لدا ہوا ہو، وہ اگر کسی اور کو اُس کے اُٹھانے کی دعوت دے گا تو اُس میں سے کچھ بھی اُٹھایا نہیں جائے گا، چاہے وہ (جسے بوجھ اُٹھانے کی دعوت دی گئی تھی) کوئی قریبی رشتہ دار ہی کیوں نہ ہو۔ (اے پیغمبر !) تم اُنہی لوگو ں کو خبردار کر سکتے ہو جو اپنے پروردگار کو دیکھے بغیر اُس سے ڈرتے ہوں ، اور جنہوں نے نماز قائم کی ہو۔ اور جو شخص پاک ہوتا ہے، وہ اپنے ہی فائدے کیلئے پاک ہوتا ہے۔ اور آخر کار سب کو اﷲ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے

آیت ۱۸    وَلَا تَزِرُ وَازِرَۃٌ وِّزْرَ اُخْرٰی: ’’اورکوئی جان نہیں اٹھائے گی کسی دوسری جان کا بوجھ۔‘‘

        وَاِنْ تَدْعُ مُثْقَلَۃٌ اِلٰی حِمْلِہَا: ’’اور اگر بوجھ تلے دبی کوئی جان کسی کو پکارے گی اپنے بوجھ (کے ہٹانے) کے لیے‘‘

        لَا یُحْمَلْ مِنْہُ شَیْئٌ وَّلَوْ کَانَ ذَا قُرْبٰی: ’’تو نہیں اٹھائے گا کوئی اس میں سے کچھ بھی اگرچہ وہ قرابت دار ہی ہو۔‘‘

        میدانِ حشر میں اگر کوئی گنہگار اپنے گناہوں کے بوجھ کو ناقابل برداشت پا کر اپنے کسی قریبی رشتہ دار کو بھی مدد کے لیے پکارے گا تو وہ بھی بیگانوں کی طرح اس کے قریب سے گزر جائے گا اور ا س کی کوئی مدد نہیں کرے گا۔

        اِنَّمَا تُنْذِرُ الَّذِیْنَ یَخْشَوْنَ رَبَّہُمْ بِالْغَیْبِ وَاَقَامُوا الصَّلٰوۃَ: ’’(اے نبی !) آپ تو انہی لوگوں کو خبردار کر سکتے ہیں جو ڈرتے ہیں اپنے ربّ سے غیب میں رہتے ہوئے اور نماز قائم کرتے ہیں۔‘‘

        اللہ پر ایمان لانے اور اس سے ڈرنے کی اہمیت تو اسی وقت تک ہے جب تک کہ غیب کے پردے حائل ہیں۔ جب یہ پردے اٹھ جائیں گے اُس وقت کسی کا ایمان لانا اس کے لیے مفید نہیں ہو گا۔ اس وقت تو بڑے بڑے سر کش اور نا فرمان لوگ بھی سر تسلیم خم کر دیں گے۔

        وَمَنْ تَزَکّٰی فَاِنَّمَا یَتَزَکّٰی لِنَفْسِہٖ: ’’اور جو کوئی بھی پاکیزگی اختیار کرتا ہے تو وہ اپنے ہی بھلے کے لیے کرتا ہے۔‘‘

        وَاِلَی اللّٰہِ الْمَصِیْرُ: ’’اور اللہ ہی کی طرف (سب کو) پلٹنا ہے۔‘‘ 

UP
X
<>