May 5, 2024

قرآن کریم > الزمر >sorah 39 ayat 56

أَن تَقُولَ نَفْسٌ يَا حَسْرَتَى علَى مَا فَرَّطتُ فِي جَنبِ اللَّهِ وَإِن كُنتُ لَمِنَ السَّاخِرِينَ

 کہیں کہنے لگے کوئی جی اے افسوس اس بات پر کہ َمیں کوتاہی کرتا رہا اللہ کی طرف سے اور میں تو ہنستا ہی رہا 

آیت ۵۶:  اَنْ تَقُوْلَ نَفْسٌ یّٰحَسْرَتٰی عَلٰی مَا فَرَّطْتُّ فِیْ جَنْبِ اللّٰہِ: ’’مبادا کہ اُس وقت کوئی جان یہ کہے کہ ہائے افسوس اس کوتاہی پر جومجھ سے اللہ کی جناب میں ہوئی‘‘ 

        ہائے میری بدقسمتی کہ میں زندگی بھر اپنے دھندوں میں اس طرح مگن رہا کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق کو پہچان ہی نہ سکا۔ میرے سامنے اللہ کا دین مغلوب تھا مگر میں اس کی سربلندی کے لیے جدو جہد کرنے کے بجائے اپنی عیش و عشرت کے مواقع ڈھونڈنے اور اپنا معیارِ زندگی بلند کرنے میں لگا رہا۔ میں نے دنیا کے مال و متاع کو ہی اپنا معبود سمجھ لیا اور عمر بھر اسی کے لیے اپنا تن من دھن کھپاتا رہا۔

        وَاِنْ کُنْتُ لَمِنَ السَّاخِرِیْنَ : ’’اور میں تو مذاق اڑانے والوں ہی میں شامل رہا۔‘‘

        میں نے اللہ تعالیٰ، اس کے دین اور آخرت کی باتو ں کو نہ کبھی دھیان سے سنا اور نہ ہی کبھی سنجیدگی سے ان پر غورکیا، بلکہ میں تو ہمیشہ ان باتوں کا مذاق ہی اڑاتا رہا۔ 

UP
X
<>