May 1, 2024

قرآن کریم > الزمر >sorah 39 ayat 7

إِن تَكْفُرُوا فَإِنَّ اللَّهَ غَنِيٌّ عَنكُمْ وَلا يَرْضَى لِعِبَادِهِ الْكُفْرَ وَإِن تَشْكُرُوا يَرْضَهُ لَكُمْ وَلا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَى ثُمَّ إِلَى رَبِّكُم مَّرْجِعُكُمْ فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ إِنَّهُ عَلِيمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ

اگر تم کفر اِختیار کرو گے تو یقین رکھو کہ اﷲ تم سے بے نیاز ہے، اور وہ اپنے بندوں کیلئے کفر پسند نہیں کرتا، اور اگر تم شکر کروگے تو وہ اُسے تمہارے لئے پسند کرے گا، اور کوئی بوجھ اُٹھانے والا کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اُٹھائے گا۔ پھر تم سب کو اپنے پروردگار ہی کے پاس لوٹ کر جانا ہے، اُس وقت وہ تمہیں بتائے گا کہ تم کیا کچھ کیا کرتے تھے۔ یقینا وہ دلوں کی باتیں بھی خوب جانتا ہے

آیت ۷:  اِنْ تَکْفُرُوْا فَاِنَّ اللّٰہَ غَنِیٌّ عَنْکُمْ: ’’اگر تم کفر کرتے ہو تو یقینا اللہ تم سے بے نیاز ہے۔‘‘

        وہ غنی ہے، اسے تمہاری کوئی احتیاج نہیں ، تمہاری طرف سے انکار یا کفرانِ نعمت کی صورت میں  اس کی سلطنت میں  کوئی کمی واقع نہیں  ہو گی۔

        وَلَا یَرْضٰی لِعِبَادِہِ الْکُفْرَ:  ’’لیکن وہ اپنے بندوں  کے لیے کفر پر راضی نہیں  ہے‘‘

        اگرچہ اس نے انسان کو اختیار دے رکھا ہے: اِمَّا شَاکِرًا وَّاِمَّا کَفُوْرًا:  (الدھر) کہ تم چاہو تو شکرگزار بندے بنو اور چاہو تو کفرانِ نعمت کی روش اختیار کرو۔ یہ تمہارا اپنا فیصلہ ہے ، مگر یہ جان رکھو کہ اسے اپنے بندوں  کی طرف سے کفر کا رویہ ہر گز پسند نہیں  ہے۔

        وَاِنْ تَشْکُرُوْا یَرْضَہُ لَکُمْ:  ’’اور اگر تم شکر کرو تو وہ تم سے راضی ہو گا۔ ‘‘

        اگر تم اس کا شکر ادا کرتے رہو، اس کی حمد و ثنا کے ترانے گاتے رہو اور اس کی بندگی کی روش اختیار کیے رکھو تو وہ تم سے خوش رہے گا۔ وہ اسی طرزِعمل کو پسند کرتا ہے۔

        وَلَا تَزِرُ وَازِرَۃٌ وِّزْرَ اُخْرٰی:  ’’اور نہیں  اٹھائے گی بوجھ اٹھانے والی کوئی جان کسی دوسرے کے بوجھ کو۔ ‘‘

        ثُمَّ اِلٰی رَبِّکُمْ مَّرْجِعُکُمْ:  ’’پھر تمہارا لوٹنا ہے تمہارے رب ہی کی طرف‘‘

        فَیُـنَـبِّئُکُمْ بِمَا کُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ:  ’’پھر وہ تمہیں  بتا دے گا جو کچھ کہ تم کرتے رہے تھے۔ ‘‘

        اِنَّہٗ عَلِیْمٌم بِذَاتِ الصُّدُوْرِ :  ’’یقینا وہ جاننے والا ہے سینوں  کے اندر چھپی ہوئی باتوں  کا۔ ‘‘

        جو راز تمہارے سینوں  کے اندر مخفی ہیں  وہ ان سے بھی باخبر ہے۔ 

UP
X
<>