April 25, 2024

قرآن کریم > الشورى >sorah 42 ayat 17

اللَّهُ الَّذِي أَنزَلَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ وَالْمِيزَانَ وَمَا يُدْرِيكَ لَعَلَّ السَّاعَةَ قَرِيبٌ

اﷲ وہ ہے جس نے حق پر مشتمل یہ کتاب اور انصاف کی ترازو اُتاری ہے۔ اور تمہیں کیا پتہ، شاید کہ قیامت کی گھڑی قریب ہی ہو

آیت ۱۷:  اَللّٰہُ الَّذِیْٓ اَنْزَلَ الْکِتٰبَ بِالْحَقِّ وَالْمِیْزَانَ: ’’اللہ ہی ہے جس نے اتاری ہے کتاب بھی اور میزان بھی حق کے ساتھ۔‘‘

        قرآن میں صرف دو ہی مقامات ایسے ہیں جہاں کتاب اور میزان کے الفاظ ایک ساتھ اکٹھے آئے ہیں۔ ایک تو آیت زیر مطالعہ اور دوسری سورۃ الحدید کی یہ آیت: لَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلَنَا بِالْبَیِّنٰتِ وَاَنْزَلْنَا مَعَہُمُ الْکِتٰبَ وَالْمِیْزَانَ لِیَقُوْمَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ: (آیت: ۲۵) ’’ہم نے بھیجے اپنے رسول واضح دلیلوں کے ساتھ اورہم نے نازل کی ان کے ساتھ کتاب اور میزان تا کہ قائم رہیں لوگ عدل پر‘‘۔ میزان دراصل دین حق کے عملی نظام کا نام ہے۔ اس کو یوں سمجھئے کہ ’’کتاب‘‘ ہر ایک کا حق مقرر کرتی ہے اور ’’میزان‘‘ ناپ تول کر کے یہ حق حقدار کو دیتی ہے۔ چنانچہ آیت زیر مطالعہ کے ان الفاظ کا مفہوم یہ ہے کہ اللہ نے تمہیں دین بھی دیا ہے اور نظام بھی۔ اگر نظام نہ ہوتا تو دین کے مطابق فیصلے کیسے ہوتے اور پھر ان فیصلوں پر عمل درآمد کیونکر ہوتا؟

         وَمَا یُدْرِیْکَ لَعَلَّ السَّاعَۃَ قَرِیْبٌ : ’’اور تمہیں کیا معلوم کہ قیامت قریب ہی ہو!‘‘

        ’’السَّاعۃ‘‘سے مراد قیامت کی گھڑی ہے، اگرچہ انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو ہر شخص کی موت ہی گویا اس کی قیامت ہے۔ جیسا کہ ایک حدیث میں آتا ہے : ( (مَنْ مَاتَ فَقَدْ قَامَتْ قِیَامَتُـہٗ) ) ’’جس کو موت آ گئی پس اس کی قیامت تو قائم ہوگئی‘‘۔ مقامِ غور ہے کہ اس حوالے سے ہمیں کس قدر مشکل صورتِ حال کا سامنا ہے۔ ایک طرف ہم میں سے ہر ایک کی ’’قیامت‘‘اس کے سر پر کھڑی ہے اور دوسری طرف اللہ کی ’’میزان‘‘کو نصب کرنے کی بھاری ذمہ داری ہے جو ہم سب کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔ اب اگر ہم نے ابھی اور اسی وقت اس ذمہ داری کا احساس نہ کیا اور اس کے لیے فوری طور پر ہم اپنا تن من دھن لگا دینے کے لیے میدانِ عمل میں نہ اترے تو نہ معلوم ہم میں سے کس کس کی مہلت ِعمل کچھ کیے بغیر ہی ختم ہو جائے۔ آج ہم میں سے کون کہہ سکتا ہے کہ اسے کل کا سورج بھی دیکھنا نصیب ہو گا یا نہیں! اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم مزید وقت ضائع کیے بغیر اس ِجدوجہد ّمیں جت جائیں۔ اس فیصلے کے لیے تاخیر اور تاجیل میں وقت ضائع کرنا سب سے بڑی حماقت ہے:

UP
X
<>