April 20, 2024

قرآن کریم > التوبة >surah 9 ayat 16

أَمْ حَسِبْتُمْ أَن تُتْرَكُواْ وَلَمَّا يَعْلَمِ اللَّهُ الَّذِينَ جَاهَدُواْ مِنكُمْ وَلَمْ يَتَّخِذُواْ مِن دُونِ اللَّهِ وَلاَ رَسُولِهِ وَلاَ الْمُؤْمِنِينَ وَلِيجَةً وَاللَّهُ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ 

بھلا کیا تم نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ تمہیں یونہی چھوڑ دیاجائے گا، حالانکہ ابھی اﷲ نے یہ تو دیکھا ہی نہیں کہ تم میں سے کون لوگ جہاد کرتے ہیں ، اور اﷲ، اُس کے رسول اور مومنوں کے سوا کسی اور کو خصوصی رازدار نہیں بناتے؟ اور تم جو کچھ کرتے ہو، اﷲ اُس سے پوری طرح باخبر ہے

 آیت 16: اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تُتْرَکُوْا وَلَمَّا یَعْلَمِ اللّٰہُ الَّذِیْنَ جٰہَدُوْا مِنْکُمْ: ‘‘کیا تم نے گمان کر لیا ہے کہ تم یوں ہی چھوڑ دیے جاؤ گے‘ حالانکہ ابھی تو اللہ نے یہ دیکھا ہی نہیں کہ تم میں سے کون وہ لوگ ہیں جو جہاد کرنے والے ہیں‘‘

            دوسری قوموں کے خلاف برسر پیکار ہونا اور بات ہے‘ تمہیں اب اپنی قوم کے خلاف جہاد کرنے کے لیے جانا ہے۔ گویا اس حکم کے اندر نسبتاً سخت امتحان ہے۔ چنانچہ اللہ تمہارا یہ امتحان بھی لینا چاہتا ہے۔

            وَلَمْ یَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ وَلاَ رَسُوْلِہ وَلاَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَلِیْجَۃً: ‘‘اور جو نہیں رکھتے اللہ‘ اس کے رسول اور اہل ایمان کے علاوہ کسی کے ساتھ قلبی دوستی کا کوئی تعلق۔‘‘

            یہ دُنیوی رشتوں کے خوشنما بندھن جب تک ایمان کی تلوار سے کٹیں گے نہیں‘ اس وقت تک اللہ اور دین کے ساتھ تمہارا خلوص کیسے ثابت ہو گا!

            وَاللّٰہُ خَبِیْرٌ بِمَا تَعْمَلُوْنَ: ‘‘اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے۔‘‘

UP
X
<>