April 20, 2024

قرآن کریم > التوبة >surah 9 ayat 51

قُل لَّن يُصِيبَنَا إِلاَّ مَا كَتَبَ اللَّهُ لَنَا هُوَ مَوْلاَنَا وَعَلَى اللَّهِ فَلْيَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُونَ 

کہہ دو کہ : ’’ اﷲ نے ہمارے مقدر میں جو تکلیف لکھ دی ہے، ہمیں اُس کے سوا کوئی اور تکلیف ہرگز نہیں پہنچ سکتی۔ وہ ہمارا رکھوالا ہے، اور اﷲ ہی پر مومنوں کو بھروسہ رکھنا چاہیئے۔ ‘‘

 آیت 51: قُلْ لَّنْ یُّصِیْبَنَآ اِلاَّ مَا کَتَبَ اللّٰہُ لَنَا ہُوَ مَوْلٰــنَا: ‘‘آپ کہہ دیجیے کہ ہم پر کوئی مصیبت نہیں آ سکتی سوائے اس کے جو اللہ نے ہمارے لیے لکھ دی ہو۔ وہی ہمارا مولا ہے۔‘‘

            ہم پر جو بھی مصیبت آتی ہے وہ اللہ ہی کی مرضی اور اجازت سے آتی ہے۔ اس کے اذن کے بغیر کائنات میں ایک پتابھی نہیں ہل سکتا۔ وہ ہمارا کارساز اور پروردگار ہے۔ اگر اس کی مشیت ہو کہ ہمیں کوئی تکلیف آئے تو سر آنکھوں پر ع: ‘‘سر تسلیم خم ہے جو مزاجِ یار میں آئے‘‘۔ جو اس کی رضا ہو ہم بھی اسی پر راضی ہیں۔ اگر اُس کی طرف سے کوئی تکلیف آ جائے تو اس میں بھی ہمارے لیے خیر ہے ع: ‘‘ہرچہ ساقی ٔما ریخت عین الطاف است‘‘ (ہمارا ساقی ہمارے پیالے میں جو بھی ڈال دے اس کا لطف وکرم ہی ہے)۔ محبوب کی شمشیر سے ذبح ہونا یقینا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ اعزاز کسی غیر کے نصیب میں کیوں ہو‘ جبکہ ہماری گردنیں ہر وقت اس سعادت کے لیے حاضر ہیں : 

 نہ شود نصیب دشمن کہ شود ہلاکِ تیغت

 سر دوستاں سلامت  کہ تو خنجر آزمائی!

            وَعَلَی اللّٰہِ فَلْیَتَوَکَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ: ‘‘اور اللہ پر ہی توکل کرنا چاہیے اہل ایمان کو۔‘‘

UP
X
<>