April 19, 2024

قرآن کریم > الحُـجُـرات

الحُـجُـرات

سورۃ الحجرات اٹھارہ آیات اور دو رکوعوں پر مشتمل ایک مختصر سورت ہے۔ جیسا کہ قبل ازیں سورۂ محمد کے تمہیدی کلمات میں بھی بتایاجاچکا ہے کہ سورۂ محمد اور سورۃ الفتح کا آپس میں جوڑے کا تعلق ہے,  جبکہ سورۃ الحجرات کی حیثیت سورۃ الفتح کے ضمیمے کی سی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں سورۃ الفتح کی بعض آیات کی وضاحت ملتی ہے۔ مثلاً سورۃ الفتح میں  وَتُعَزِّرُوْہُ وَتُوَقِّرُوْہُ:  کے الفاظ میں اللہ کے رسول کی تعظیم و توقیر اور حمایت و نصرت کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سورۃ الحجرات میں اس حوالے سے عملی ہدایات دی گئی ہیں۔ اسی طرح سورۃ الفتح میں رُحَمَآءُ بَیْنَہُمْ کے الفاظ میں اہل ایمان کی شخصیات کی ایک onsoliat جھلک دکھائی گئی ہے جبکہ سورۃ الحجرات میں ایک بندۂ مؤمن کے کردار کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

            اس کے علاوہ اس سورت میں غلبۂ دین کی جدوجہد کے حوالے سے جہاد کی اہمیت, دین میں جہاد کی اصل حیثیت, اسلامی ریاست کی دستوری بنیاد, اہل ایمان پر اللہ اور اس کے رسول کے حقوق, مسلمانوں کے باہمی حقوق اور مسلمان معاشرے کی اجتماعی زندگی کے خد وخال جیسے اہم اور بنیادی مسائل بھی بیان ہوئے ہیں۔

            گویا اسلامی ریاست کے اصولوں اور اسلامی معاشرے سے متعلق بنیادی ہدایات کے اعتبار سے سورۃ الحجرات قرآن کی اہم ترین اور جامع ترین سورت ہے۔ اس اعتبار سے یوں سمجھئے کہ اسلامی ریاست اور اسلامی معاشرے سے متعلق جو تفصیلی ہدایات سورۃ النساء اور سورۃ المائدۃ میں دی گئی ہیں ان کا لُبِ لباب اور خلاصہ سورۃ الحجرات کی اٹھارہ آیات میں سمو دیا گیا ہے۔

UP
X
<>