May 4, 2024

قرآن کریم > يونس >surah 10 ayat 104

قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِن كُنتُمْ فِي شَكٍّ مِّن دِينِي فَلاَ أَعْبُدُ الَّذِينَ تَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللَّهِ وَلَكِنْ أَعْبُدُ اللَّهَ الَّذِي يَتَوَفَّاكُمْ وَأُمِرْتُ أَنْ أَكُونَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ

 (اے پیغمبر !) ان سے کہو کہ : ’’ اے لوگو ! اگر تم میرے دین کے بارے میں کسی شک میں مبتلا ہو تو (سن لو کہ) تم اﷲ کے سوا جن جن کی عبادت کرتے ہو میں اُن کی عبادت نہیں کرتا، بلکہ میں اُس اﷲ کی عبادت کرتا ہوں جو تمہاری روح قبض کرتا ہے۔ اور مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں مومنوں میں شامل رہوں

 آیت ۱۰۴:  قُلْ یٰٓــاَیُّہَا النَّا سُ اِنْ کُنْتُمْ فِیْ شَکٍّ مِّنْ دِیْنِیْ:  «(اے نبی !) کہہ دیجیے کہ اے لوگو! اگر تمہیں میرے دین کے بارے میں کوئی شک ہے»

            اب سورۃ کے آخر میں فیصلہ کن انداز میں خطاب کیا جا رہا ہے کہ اے لوگو! یہ جو تم مجھ پر دباؤ ڈال رہے ہو، کہ میں اپنے مو میں کچھ نرمی پیدا کرلوں یا تمہارے ساتھ کسی حد تک مداہنت (compromise) کا رویہ اختیار کروں، تو اس کا مطلب تو یہ ہے کہ تمہیں میرے دین کے بارے میں ابھی تک شک ہے۔ اگر ایسا ہے تو تم لوگ اپنا یہ شک دور کر لو:

             فَلآَ اَعْبُدُ الَّذِیْنَ تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ وَلٰکِنْ اَعْبُدُ اللّٰہَ الَّذِیْ یَتَوَفّٰکُمْ:  «تو(جان لو کہ) میں ہر گز نہیں پوجنے والا اُن کو جن کو تم پوجتے ہو اللہ کے سوا، بلکہ میں تو پوجوں گا اُسی اللہ کو جو تمہیں قبض کرے گا۔»

             وَاُمِرْتُ اَنْ اَکُوْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ:  «اور مجھے حکم ہوا ہے کہ میں ایمان لانے والوں سے ہو جاؤں۔» 

UP
X
<>