May 18, 2024

قرآن کریم > يونس >surah 10 ayat 58

قُلْ بِفَضْلِ اللَّهِ وَبِرَحْمَتِهِ فَبِذَلِكَ فَلْيَفْرَحُواْ هُوَ خَيْرٌ مِّمَّا يَجْمَعُونَ 

 (اے پیغمبر !) کہو کہ : ’’ یہ سب کچھ اﷲ کے فضل اور رحمت سے ہوا ہے، لہٰذا اسی پر تو انہیں خوش ہونا چاہیئے۔ یہ اُس تمام دولت سے کہیں بہتر ہے جسے یہ جمع کر کر کے رکھتے ہیں ۔‘‘

 آیت ۵۸:  قُلْ بِفَضْلِ اللّٰہِ وَبِرَحْمَتِہ:  « (اے نبی !ان سے ) کہہ دیجیے کہ یہ ( قرآن) اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے (نازل ہوا) ہے»

            یہ قرآن اللہ کے فضل اور رحمت کا مظہر اور بنی نوع انسان پر اس کا بہت بڑا احسان ہے۔ یہ سب سے بڑی دولت ہے جو اللہ تعالیٰ نے نوع انسانی کو عطا کی ہے۔

             فَبِذٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوْا:  «تو چاہیے کہ لوگ اس پر خوشیاں منائیں!»

            «فرح» کے معنی ہیں خوشی سے پھولے نہ سمانا، یعنی خوشی کے جذبے میں حد سے بڑھ جانا، اس لحاظ سے یہ جذبہ شریعت ِاسلامی میں قابل مذمت ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ لفظ قرآن میں زیادہ تر منفی مفہوم میں آیا ہے ---

جیسے سورۃ القصص میں قارون کے ذکر میں یہ الفاظ آئے ہیں:   اِنَّ اللّٰہَ لَا یُحِبُّ الْفَرِحِیْنَ--- لیکن یہاں پر تو اعلانِ عام ہو رہا ہے کہ اگر «فرح» کرنا ہی ہے تو دولت ِقرآن پر کرو! اگر تمہیں اترانا ہی ہے تو نعمت ِقرآن پر اتراؤ! اور اگر جشن ہی منانا ہے تو جشن ِقرآن مناؤ!  فَبِذٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوْا!: 

             ہُوَ خَیْرٌ مِّمَّا یَجْمَعُوْنَ:  « وہ کہیں بہتر ہے ان چیزوں سے جو وہ جمع کرتے ہیں۔»

             یہ مال و دولت ِدنیا، یہ سامانِ آرائش و زیبائش، یہ اشیائے آسائش، یہ رنگا رنگ نعمتیں، غرض اس دنیا میں انسان اپنے لیے جو کچھ بھی اکٹھا کرتا ہے، اس سب کچھ سے کہیں بہتر قرآن کی دولت ہے۔

            ان دو آیات میں قرآن کی اہمیت و عظمت کے بیان میں جو تاکید اور جلال ہے اس کی قدر دانی کا تقاضا ہے کہ تمام مسلمان اس تصور کو حرزِ جان بنا لیں، ان آیات کو زبانی یاد کریں، الفاظ کی ترتیب کو مد نظر رکھتے ہوئے ان سے استفادہ کی کوشش کریں اور قرآن کی تعلیم و تفہیم کے ذریعے سے دل کو نرم اور گداز کرنے کا سامان کریں، تاکہ اس کے اثرات دل کے اندر جذب ہو کر اپنا رنگ جمائیں (عچوں بجاں دررفت جاں دیگر شود) ۔ اور اس طرح قرآن کے ذریعے اپنی دنیائے دل و جان میں انقلاب برپا کریں، تا کہ یہ ا ن کے لیے شفا، ہدایت اور رحمت بن جائے۔ آمین!

UP
X
<>