May 18, 2024

قرآن کریم > يونس >surah 10 ayat 57

يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءتْكُم مَّوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّكُمْ وَشِفَاء لِّمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ 

لوگو ! تمہارے پاس ایک ایسی چیز آئی ہے جو تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک نصیحت ہے، اور دلوں کی بیماریوں کیلئے شفا ہے، اورایمان والوں کیلئے ہدایت اور رحمت کا سامان ہے

 آیت ۵۷:  یٰٓــاَیُّہَا النَّاسُ قَدْ جَآءَتْکُمْ مَّوْعِظَۃٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَشِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ:  «اے لوگو! آ گئی ہے تمہارے پاس نصیحت تمہارے رب کی طرف سے اور تمہارے سینوں (کے اَمراض ) کی شفا»

             وَہُدًی وَّرَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ:  «اور اہل ایمان کے لیے ہدایت اور (بہت بڑی) رحمت۔»

            اس آیت کے الفاظ کی ترتیب (موعظہ، شفا، ہدایت اور رحمت) بہت پر حکمت ہے۔ سورۃ البقرۃ کی آیت: ۷۴ میں انسان کے دل کی سختی کا ذکر اس طرح کیا گیا ہے:   ثُمَّ قَسَتْ قُلُوبُکُمْ…۔ دراصل دل کی سختی ہی وہ بنیادی مرض ہے جس کے باعث اعلیٰ سے اعلیٰ کلام بھی کسی انسان پر بے اثر ہو کر رہ جاتا ہے: ع «مردِ ناداں پر کلامِ نرم و نازک بے اثر»۔ چنانچہ قبول ِہدایت کے لیے سب سے پہلے دلوں کی سختی کو دور کرنا ضروری ہے۔ جیسے بارش سے فائدہ اٹھانے کے لیے زمین کو نرم کرنا پڑتا ہے، سخت زمین بارش سے کچھ فائدہ نہیں اٹھا سکتی، بارش کا پانی اوپر ہی اوپر سے بہہ جاتا ہے، اس کے اندر جذب نہیں ہوتا۔ اسی طرح اگر انسان کا معدہ ہی خراب ہو تو کوئی دوسری دوائی اپنا اثر نہیں دکھاتی۔ لہٰذا انسان کی کسی بھی بیماری کے علاج کے لیے پہلے اُس کے معدے کو درست کرنا ضروری ہے۔

            دلوں کی سختی کو دور کرنے کے لیے مؤثر ترین نسخہ وعظ ونصیحت (موعظہ) ہے۔ جب وعظ اور نصیحت سے دلوں میں گداز پیدا ہو گا تو پھر قرآن ان پر دوائی کی مانند اثر کر کے تکبر، حسد، بغض، حب ِدُنیا وغیرہ تمام امراض کو دور کر دے گا۔ حب ّدنیا میں دولت، اولاد، بیوی، شہرت وغیرہ کی تمام محبتیں شامل ہیں۔ ملاحظہ ہو سوره آل ِعمران کی آیت ۱۴:  زُیِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّہَوٰتِ مِنَ النِّسَآءِ وَالْبَنِیْنَ وَالْقَنَاطِیْرِ الْمُقَنْطَرَۃِ مِنَ الذَّہَبِ وَالْفِضَّۃِ وَالْخَیْلِ الْمُسَوَّمَۃِ وَالْاَنْعَامِ وَالْحَرْثِ۔ آیت زیر مطالعہ میں الفاظ کی ترتیب پر غور کیا جائے تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ایک انسان کے حق میں قرآن سب سے پہلے وعظ اور نصیحت ہے، پھر تمام امراض قلب کے لیے شفا اور پھر ہدایت۔ کیونکہ جب دل سے بیماری نکل جائے گی، دل شفایاب ہو گا تب ہی انسان قرآن کی ہدایت اور راہنمائی کو عملاً اختیار کرے گا، اور جب انسان یہ سارے مراحل طے کر کے قرآن کی ہدایت کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھال لے گا تو پھر اس کو انعامِ خاص سے نوازا جائے گا اور و ہ ہے اللہ کی خصوصی رحمت۔ کیونکہ یہ قرآن ربِّ رحمان کی رحمانیت کا مظہر ِاَتم ہے:  اَلرَّحْمٰنُ عَلَّمَ الْقُرْاٰنَ۔ 

UP
X
<>