April 26, 2024

قرآن کریم > الأنبياء >surah 21 ayat 7

وَمَآ اَرْسَلْنَا قَبْلَكَ اِلَّا رِجَالًا نُّوْحِيْٓ اِلَيْهِمْ فَسْـأَلُوْٓا اَهْلَ الذِّكْرِ اِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ

اور (اے پیغمبر !) ہم نے تم سے پہلے کسی اور کو نہیں ، آدمیوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا تھا جن پر ہم وحی نازل کرتے تھے۔ لہٰذا (کافروں سے کہو کہ) اگر تمہیں خود علم نہیں ہے تو نصیحت کا علم رکھنے والوں سے پوچھ لو

 آیت ۷:  وَمَآ اَرْسَلْنَا قَبْلَکَ اِلاَّ رِجَالاً نُّوْحِیْٓ اِلَیْہِمْ فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ:   «اور (اے نبی!) ہم نے نہیں بھیجا آپ سے پہلے مگر َمردوں ہی کو (بطور رسول)، ان کی طرف ہم وحی کرتے تھے، تو (اے قریش مکہ!) تم اہل ذکر سے پوچھ لو اگر تمہیں معلوم نہیں۔»

            آیت کے پہلے حصے میں خطاب رسول اللہ سے ہے، مگر بعد میں خطاب کا رخ ان لوگوں کی طرف ہو گیا ہے جو کہتے تھے کہ یہ تو ہماری طرح کے انسان ہیں، ہم ان کی بات کیسے مان لیں؟ ان لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ یہ کوئی پہلے رسول نہیں ہیں۔ آپ سے پہلے بھی بہت سے رسول آئے، وہ سب بھی انسان ہی تھے۔ وہ انسانوں ہی کی طرح پیدا ہوئے (سوائے حضرت عیسیٰ کے کہ وہ بغیر باپ کے پیدا ہوئے)۔ وہ انسانوں ہی کی طرح کھاتے پیتے اور دوسری ضروریاتِ زندگی پوری کرتے تھے۔ یہ بات اگر تمہاری سمجھ سے بالا تر ہے تو تمہارے ارد گرد اہل کتاب یعنی یہود اور نصاریٰ موجود ہیں۔ تم لوگ ان سے پوچھ لو کہ پہلے رسول انسان تھے یا وہ کسی ما فوق الفطرت مخلوق سے تعلق رکھتے تھے؟

UP
X
<>