May 4, 2024

قرآن کریم > الزمر >sorah 39 ayat 38

وَلَئِن سَأَلْتَهُم مَّنْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضَ لَيَقُولُنَّ اللَّهُ قُلْ أَفَرَأَيْتُم مَّا تَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّهِ إِنْ أَرَادَنِيَ اللَّهُ بِضُرٍّ هَلْ هُنَّ كَاشِفَاتُ ضُرِّهِ أَوْ أَرَادَنِي بِرَحْمَةٍ هَلْ هُنَّ مُمْسِكَاتُ رَحْمَتِهِ قُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ عَلَيْهِ يَتَوَكَّلُ الْمُتَوَكِّلُونَ

اور اگر تم ان سے پوچھو کہ آسمانوں کو اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے؟ تو وہ ضرور یہی کہیں گے کہ اﷲ نے۔ (ان سے) کہو کہ : ’’ ذرا مجھے یہ بتاؤ کہ تم اﷲ کو چھوڑ کر جن (بتوں ) کو پکارتے ہو، اگر اﷲ مجھے کوئی نقصان پہنچانے کا ارادہ کر لے تو کیا یہ اُس کے پہنچائے ہوئے نقصان کو دور کر سکتے ہیں؟ یا اگر اﷲ مجھ پر مہربانی فرمانا چاہے تو کیا یہ اُس کی رحمت کو روک سکتے ہیں؟‘‘ کہو کہ : ’’ میرے لئے اﷲ ہی کافی ہے۔ بھروسہ رکھنے والے اُسی پر بھروسہ رکھتے ہیں ۔‘‘

آیت ۳۸: وَلَئِنْ سَاَلْتَہُمْ مَّنْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ لَیَقُوْلُنَّ اللّٰہُ:  ’’اور (اے نبی!)  اگر آپ ان سے پوچھیں  کہ کس نے پیدا کیا آسمانوں  اور زمین کو تو وہ یقینا یہی کہیں  گے کہ اللہ نے!‘‘

        قُلْ اَفَرَءَیْتُمْ مَّا تَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ اِنْ اَرَادَنِیَ اللّٰہُ بِضُرٍّ ہَلْ ہُنَّ کٰشِفٰتُ ضُرِّہٖ:  ’’تو ان سے کہیے کہ ذرا غور کرو! جن کو تم پکارتے ہو اللہ کے سوا، اگر اللہ نے میرے لیے کسی تکلیف کا فیصلہ کر لیا ہے تو کیا وہ (تمہارے معبود) اُس تکلیف کو دور کر سکیں  گے؟‘‘

        دراصل مشرکین ِمکہ ّاللہ تعالیٰ کو سب سے بڑے معبود کے طور پر تو مانتے تھے لیکن ساتھ ہی انہوں  نے بہت سے چھوٹے معبود بھی بنا رکھے تھے۔ چنانچہ اس آیت میں  ان کے اسی عقیدے کے مطابق ایک منطقی سوال کیا گیاہے کہ اگر تمہارا بڑا معبود اللہ کسی معاملے میں  کوئی فیصلہ کرلے تو اس کے بعد کیا اس بڑے کا حکم چلتا ہے یا اس کے مقابلے میں  تمہارے یہ چھوٹے معبود بھی اپنی من مرضی کرتے ہیں؟ اور اگر بالفرض اللہ نے میرے لیے کسی ضرر کا فیصلہ کر لیا ہے تو کیا تمہارے یہ معبود اس کے اس فیصلے کے آڑے آ سکتے ہیں ؟

        اَوْ اَرَادَنِیْ بِرَحْمَۃٍ ہَلْ ہُنَّ مُمْسِکٰتُ رَحْمَتِہٖ:  ’’یا اگر اُس نے میرے لیے رحمت کا کوئی فیصلہ کر لیا ہے تو کیا وہ اُس کی رحمت کو روک سکتے ہیں ؟‘‘

        قُلْ حَسْبِیَ اللّٰہُ عَلَیْہِ یَتَوَکَّلُ الْمُتَوَکِّلُوْنَ:  ’’آپ کہہ دیجیے کہ میرے لیے تو اللہ ہی کافی ہے! اور اُسی پر توکل ّکرتے ہیں  توکل کرنے والے۔ ‘‘

UP
X
<>