May 18, 2024

قرآن کریم > النساء >surah 4 ayat 123

لَّيْسَ بِأَمَانِيِّكُمْ وَلا أَمَانِيِّ أَهْلِ الْكِتَابِ مَن يَعْمَلْ سُوءًا يُجْزَ بِهِ وَلاَ يَجِدْ لَهُ مِن دُونِ اللَّهِ وَلِيًّا وَلاَ نَصِيرًا 

نہ تمہاری تمنائیں (جنت میں جانے کیلئے) کافی ہیں ، نہ اہلِ کتاب کی آرزوئیں ۔ جو بھی بُرا عمل کرے گا، اس کی سزا پائے گا، اور اﷲ کے سوا اسے اپنا کوئی یارومددگار نہیں ملے گا

آیت 123:   لَـیْسَ بِاَمَانِیِّکُمْ وَلَآ اَمَانِیِّ اَہْلِ الْـکِتٰبِ: ’’(اے مسلمانو!) نہ تمہاری خواہشات پر (موقوف ہے) اور نہ اہل کتاب کی خواہشات پر۔‘‘

            تنبیہہ آ گئی کہ تمہارے اندر بھی بلا جواز اور بے بنیاد خواہشات پیدا ہو جائیں گی۔ یہود و نصاریٰ کی طرح تم لوگ بھی بڑی دل خوش کن آرزوؤں (wishful thinkings)  کے عادی ہو جاؤ گے‘ شفاعت کی امید پر تم بھی حرام خوریاں کرو گے‘ اللہ کی نا فرمانیاں جیسی کچھ انہوں نے کی تھیں تم بھی کرو گے۔ لیکن جان لو کہ اللہ کا قانون اٹل ہے‘ بدلے گا نہیں۔ تمہاری خواہشات سے‘ تمہاری آرزوؤں سے اور تمہاری تمناؤں سے کچھ نہیں ہوگا۔ بالکل اسی طرح جیسے اہلِ کتاب کی خواہشات سے کچھ نہیں ہوا۔ بلکہ:

             مَنْ یَّعْمَلْ سُوْٓءًا یُّجْزَ بِه: ’’ جو کوئی ُبرا کام کرے گا اس کی سزا اس کو مل کر رہے گی‘‘

            اگرچہ اللہ کے ہاں اس قانون میں نرمی کا ایک پہلو موجود ہے‘ لیکن اپنی جگہ یہ بہت سخت الفاظ ہیں ۔ بعض اوقات بدی کی جگہ پر نیکی اُس کے منفی اثرات کو دھو دیتی ہے‘ لیکن اس آیت کی رو سے برائی کا حساب تو ہو کر رہنا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ انسان سے جس بدی کا ارتکاب ہوتا ہے وہ اس کے بارے میں جواب دہ ہے‘ اس کا احتساب ہو کر رہے گا۔ اگر کسی کی نیکی نے اس کی بدی کو چھپا بھی لیا‘ کسی نے غلطی کی اور پھرصدقِ دل سے توبہ کر لی تو اس کے سبب اس کی بدی کے اثرات جاتے رہے‘ لیکن معاملہ account for ضرور ہو گا۔ توبہ کو دیکھا جائے گا‘ کہ آیا توبہ واقعتا سچی تھی؟ توبہ کرنے والا اپنے کیے پر نادم ہوا تھا؟ واقعی اس نے عادتِ بد کو چھوڑ دیا تھا؟ یا صرف زبان سے ’’اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَـیْہِ‘‘ کی گردان ہو رہی تھی اور ساتھ نافرمانی اور حرام خوری بھی جوں کی توں چل رہی تھی۔ تو احتساب کے کٹہرے میں ہر شخص اور ہر معاملے کو لایا جائے گا اور کھرا کھوٹا دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ پھر جو مجرم پایا گیا‘  اسے اس کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔

             وَلاَ یَجِدْ لَــہ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ وَلِــیًّا وَّلاَ نَصِیْرًا: ’’اور وہ نہیں پائے گا اپنے لیے اللہ کے مقابلے میں کوئی حمایتی اور نہ کوئی مددگار۔‘‘

UP
X
<>