May 3, 2024

قرآن کریم > المائدة >surah 5 ayat 120

لِلّهِ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضِ وَمَا فِيهِنَّ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ 

تمام آسمانوں اور زمین اور ان میں جو کچھ ہے اس سب کی بادشاہی اﷲ ہی کیلئے ہے، اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے

آیت 120:   لِلّٰہِ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَمَا فِیْہِنَّ:   ،،اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں  اور زمین اور جو کچھ ان میں  ہے،  سب کی بادشاہی۔ ،،

             وَہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ:  ،،اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔،، 

            یہاں  پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے سورۃ المائدۃ کے اختتام کے ساتھ ہی مکی اور مدنی سورتوں  کے گروپس (groups) میں  سے پہلا گروپ ختم ہو گیا ہے، جس میں  ایک مکی ّسورۃ یعنی سورۃ الفاتحہ اور چار مدنی سورتیں  ہیں۔  سورۃ الفاتحہ اگرچہ حجم میں  بہت چھوٹی ہے لیکن یہ اپنی معنوی عظمت کے لحاظ سے پورے قرآن کے ہم وزن ہے۔  سورۃ الحجر کی آیت: وَلَقَدْ اٰتَیْنٰکَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِیْ وَالْقُرْاٰنَ الْعَظِیْمَ.   مفسرین کی رائے کے مطابق سورۃ الفاتحہ ہی کے بارے میں  ہے۔  اس گروپ کی چار مدنی سورتیں:  البقرۃ،  آل عمران،  النساء اورالمائدۃ،  دو دو کے جوڑوں  کی شکل میں  ہیں۔  ان تمام سورتوں  کے مضامین کاعمود ایک دفعہ پھر ذہن میں  تازہ کر لیں۔  مکمل شریعت ِآسمانی، اہل ِکتاب سے خطاب اور رد وقدح، ان پر الزامات کا تذکرہ،  ان کے غلط عقائد کی نفی، انہیں  ایمان کی دعوت،  ان کی تاریخ کے اہم واقعات کی تفصیلات،  ان کا اُمت ِمسلمہ کے منصب سے معزول کیا جانا،  جس پر وہ دو ہزار برس سے فائز تھے اور اُمت محمد کا اس منصب پر فائز کیا جانا۔  یہ موضوعات آخری درجے میں  اس گروپ کی سورتوں میں  مکمل ہو گئے ہیں ۔

**** بارک اللّٰہ لی ولکم فی القرآن العظیم،  ونفعنی وایاکم بالآیات والذکر الحکیم ****

UP
X
<>