May 3, 2024

قرآن کریم > المائدة >surah 5 ayat 27

وَاتْلُ عَلَيْهِمْ نَبَأَ ابْنَيْ آدَمَ بِالْحَقِّ إِذْ قَرَّبَا قُرْبَانًا فَتُقُبِّلَ مِن أَحَدِهِمَا وَلَمْ يُتَقَبَّلْ مِنَ الآخَرِ قَالَ لأَقْتُلَنَّكَ قَالَ إِنَّمَا يَتَقَبَّلُ اللَّهُ مِنَ الْمُتَّقِينَ

اور (اے پیغمبر !) ان کے سامنے آدم کے دو بیٹوں کا واقعہ ٹھیک ٹھیک پڑھ کر سناؤ۔ جب دونوں نے ایک ایک قربانی پیش کی تھی، اور ان میں سے ایک کی قربانی قبول ہوگئی اور دوسرے کی قبول نہ ہوئی۔ اس (دوسرے نے پہلے سے) کہا کہ ’’ میں تجھے قتل کر ڈالوں گا ‘‘ پہلے نے کہا کہ ’’ اﷲ تو ان لوگوں سے (قربانی) قبول کرتا ہے جو متقی ہوں

            اب پانچویں  رکوع میں  قتل ِناحق،  ملک میں  فساد پھیلانے اور چوری ڈاکے جیسے جرائم کے بارے میں  اسلامی نقطہ نظر اور پھر ان کی سزاؤں  کا ذکر ہو گا۔   

آیت 27:   وَاتْلُ عَلَیْہِمْ نَـبَاَ ابْنَیْ اٰدَمَ بِالْحَقِّ:   ،،اور (اے نبی)  ان کو پڑ ھ  کر سنائیے آدم کے دو بیٹوں  کا قصہ حق کے ساتھ۔ ،،

              اِذْ قَرَّبَا قُرْبَانًا:    ،،جبکہ ان دونوں  نے قربانی پیش کی،،

             فَتُـقُـبِّلَ مِنْ اَحَدِہِمَا وَلَمْ یُـتَقَـبَّـلْ مِنَ الْاٰخَرِ:    ،،تو ان میں  سے ایک کی قربانی قبول کر لی گئی،  جبکہ دوسرے کی قبول نہیں  کی گئی۔ ،،

            آدم کے یہ دو بیٹے ہابیل اور قابیل تھے۔  ہابیل بھیڑ بکریاں  چراتا تھا اور قابیل کاشت کار تھا۔  ان دونوں  نے اللہ کے حضور قربانی دی۔  ہابیل نے کچھ جانور پیش کیے،  جبکہ قابیل نے اناج نذر کیا۔  ہابیل کی قربانی قبول ہو گئی مگر قابیل کی قبول نہیں  ہوئی۔  اُس زمانے میں قربانی کی قبولیت کی علامت یہ ہوتی تھی کہ آسمان سے ایک شعلہ نیچے اترتا تھا اور وہ قربانی کی چیز کو جلا کر بھسم کر دیتا تھا۔  اس کا مطلب یہ تھا کہ اللہ نے قربانی کو قبول فرما لیا۔  

             قَالَ لَاَقْتُلَنَّکَ:     ،،اُس نے کہا میں  تمہیں  قتل کر کے رہوں  گا۔ ،،

            قابیل نے،  جس کی قربانی قبول نہیں  ہوئی تھی،  حسد کی آگ میں  جل کر اپنے بھائی ہابیل سے کہا کہ میں  تمہیں  زندہ نہیں  چھوڑوں  گا۔  

             قَالَ اِنَّمَا یَتَقَبَّلُ اللّٰہُ مِنَ الْمُتَّقِیْنَ:  ،،اُس نے جواب دیا کہ اللہ تو پرہیزگاروں  ہی سے قبول کرتا ہے۔ ،،

            ہابیل نے کہا بھائی جان، اس میں  میرا کیا قصورہے؟ یہ تو اللہ تعالیٰ کا قاعدہ ہے کہ وہ صرف اپنے متقی بندوں  کی قربانی قبول کرتا ہے۔  

UP
X
<>