May 7, 2024

قرآن کریم > الأنعام >surah 6 ayat 14

قُلْ أَغَيْرَ اللَّهِ أَتَّخِذُ وَلِيًّا فَاطِرِ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضِ وَهُوَ يُطْعِمُ وَلاَ يُطْعَمُ قُلْ إِنِّيَ أُمِرْتُ أَنْ أَكُونَ أَوَّلَ مَنْ أَسْلَمَ وَلاَ تَكُونَنَّ مِنَ الْمُشْرِكَينَ 

کہہ دو کہ : ’’ کیا میں اﷲ کے سوا کسی اور کو رکھوالا بناؤں ؟ (اُس اﷲ کو چھوڑ کر) جو آسمانوں اورزمین کا پیدا کرنے والا ہے، اور جو سب کو کھلاتا ہے، کسی سے کھاتا نہیں ؟ ‘‘ کہہ دو کہ : ’’ مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ فرماں برداری میں سب لوگوں سے پہل کرنے والا میں بنوں ۔‘‘ اور تم مشرکوں میں ہر گز شامل نہ ہونا

آیت 14:    قُلْ اَغَیْرَ اللّٰہِ اَتَّخِذُ وَلِیًّا فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ:   ’’ان سے کہیے کیا میں اللہ کے سوا کسی اور کو اپنا ولی بنا لوں‘ جو آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے؟‘‘

            تم بھی مانتے ہو کہ زمین و آسمان اور پوری کائنات کا پیدا کرنے والا وہی اللہ ہے‘ تو ایسے خالق‘  مالک‘  مولا اور کارساز کو چھوڑ کر کیا میں کسی اور کو اپنا ولی اور حمایتی بنا لوں؟ یہ تو بڑی حماقت کی بات ہے ‘  بڑے گھاٹے کا سودا ہے۔

            وَہُوَ یُطْعِمُ وَلاَ یُطْعَمُ:   ’’ اور وہ کھانا کھلاتا ہے‘  اُسے کھلایا نہیں جاتا۔‘‘

            تم بتوں کے سامنے نذریں اور حلوے مانڈے پیش کرتے ہو۔ اللہ کو تو ایسی چیزوں کی کوئی ضرورت نہیں۔  وہ تو پوری مخلوق کا ربّ ہے‘ سب کو کھلاتا ہے‘ سب کا رازق ہے۔

            قُلْ اِنِّیْٓ اُمِرْتُ اَنْ اَکُوْنَ اَوَّلَ مَنْ اَسْلَمَ :   ’’(اے نبی! ڈنکے کی چوٹ)  کہہ دیجیے مجھے تو حکم ہوا ہے کہ سب سے پہلا فرمان بردار میں خود بنوں‘‘

            وَلاَ تَکُوْنَنَّ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ:   ’’اور تم ہر گز نہ ہونا مشرکین میں سے۔‘‘ 

UP
X
<>