May 18, 2024

قرآن کریم > هود >surah 11 ayat 61

وَإِلَى ثَمُودَ أَخَاهُمْ صَالِحًا قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُواْ اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَهٍ غَيْرُهُ هُوَ أَنشَأَكُم مِّنَ الأَرْضِ وَاسْتَعْمَرَكُمْ فِيهَا فَاسْتَغْفِرُوهُ ثُمَّ تُوبُواْ إِلَيْهِ إِنَّ رَبِّي قَرِيبٌ مُّجِيبٌ

اور قومِ ثمود کے پاس ہم نے اُن کے بھائی صالح کو پیغمبر بنا کر بھیجا۔ انہوں نے کہا : ’’ اے میری قوم ! اﷲ کی عبادت کرو۔ اُس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں ہے۔ اُسی نے تم کو زمین سے پیدا کیا، اور اُس میں تمہیں آباد کیا۔ لہٰذا اُس سے اپنے گناہوں کی معافی مانگو، پھر اُس کی طرف رُجوع کرو۔ یقین رکھو کہ میرا رَبّ (تم سے) قریب بھی ہے، دُعائیں قبول کرنے والا بھی۔ ‘‘

 آیت ۶۱:  وَاِلٰی ثَمُوْدَ اَخَاہُمْ صٰلِحًا:  «اور ثمود کی طرف (ہم نے بھیجا) اُن کے بھائی صالح کو۔ »

            قومِ عاد میں سے جو لوگ بچے تھے وہ اپنے علاقے سے آگے وسطی علاقے کی طرف جا کر «حجر» میں آباد ہوئے اور اُن لوگوں کی نسل میں سے ثمود نام کی ایک بڑی قوم ابھری۔  پھر وقت کے ساتھ ساتھ جب اس قوم کے اندر بھی وہی خرابیاں پیدا ہو گئیں، اور وہ لوگ بھی جب بت پرستی اور شرک کی لعنت میں مبتلا ہو گئے تو اُن کی اصلاح کے لیے حضرت صالح کو مبعوث کیا گیا۔  

             قَالَ یٰــقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰہَ مَا لَـکُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَیْرُہ:  «آپ  نے فرمایا : اے میری قوم کے لوگو! اللہ کی بندگی کرو، تمہارا کوئی معبود اُس کے سوا نہیں ہے۔ »

             ہُوَ اَنْشَاَکُمْ مِّنَ الْاَرْضِ وَاسْتَعْمَرَکُمْ فِیْہَا فَاسْتَغْفِرُوْہُ ثُمَّ تُوْبُوْٓا اِلَیْہِ:  «اُس نے تمہیں زمین سے پیدا کیا اور اس میں تم کو آباد کیا، تو اس سے اپنے گناہ بخشواؤ، پھر اُسی کی جناب میں رجوع کرو۔ »

             اِنَّ رَبِّیْ قَرِیْبٌ مُّجِیْبٌ:  «یقینا میرا ربّ قریب ہے اور دعا کا قبول کرنے والا ہے۔ »

UP
X
<>