May 5, 2024

قرآن کریم > الرّعد >surah 13 ayat 14

 لَهُ دَعْوَةُ الْحَقِّ وَالَّذِينَ يَدْعُونَ مِن دُونِهِ لاَ يَسْتَجِيبُونَ لَهُم بِشَيْءٍ إِلاَّ كَبَاسِطِ كَفَّيْهِ إِلَى الْمَاء لِيَبْلُغَ فَاهُ وَمَا هُوَ بِبَالِغِهِ وَمَا دُعَاء الْكَافِرِينَ إِلاَّ فِي ضَلاَلٍ 

وہی ہے جس سے دُعا کرنا بر حق ہے۔ اور اُس کو چھوڑ کر یہ لوگ جن (دیوتاؤں ) کو پکارتے ہیں ، وہ اُن کی دُعاؤں کا کوئی جواب نہیں دیتے، البتہ ان کی مثال اُس شخص کی سی ہے جو پانی کی طرف اپنے دونوں ہاتھ پھیلاکر یہ چاہے کہ پانی خود اُس کے منہ تک پہنچ جائے، حالانکہ وہ کبھی خود منہ تک نہیں پہنچ سکتا۔ اور (بتوں سے) کافروں کے دُعا کرنے کا نتیجہ اس کے سوا کچھ نہیں کہ وہ بھٹکتی ہی پھرتی رہے

 آیت ۱۴:  لَہ دَعْوَۃُ الْحَقِّ: «اُسی کا پکارنا حق ہے۔»

            یعنی اللہ ہی ایک ہستی ہے جس کو پکارنا، جس سے دعا کرنا برحق ہے، کیونکہ ایک وہی ہے جو تمہاری پکار کو سنتا ہے، تمہاری حاجت کو جانتا ہے، تمہاری حاجت روائی کرنے پر قادر ہے، اس لیے اس کو پکارنا حق بھی ہے اور سودمند بھی۔ اسے چھوڑ کر کسی اور کو پکارو گے، چاہے وہ کوئی فرشتہ ہو، ولی ہو یا نبی، کوئی تمہاری پکار اور فریاد کو نہیں سنے گا، اور جیسا کہ اگلی آیت میں فرمایا گیا ہے، تمہاری ہر ایسی پکار اکارت جائے گی۔ اس فقرے کا دوسرا مفہوم یہ بھی ہے کہ «اُسی کی دعوت حق ہے»۔ یعنی جس چیز کی دعوت وہ دے رہا ہے، جس راستے کی طرف وہ بلا رہا ہے وہی حق ہے۔

             وَالَّذِیْنَ یَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِہ لاَ یَسْتَجِیْبُوْنَ لَہُمْ بِشَیْئٍ: «اور جن کو یہ لوگ پکار رہے ہیں اُس کے سوا، وہ ان کی دعا کو کسی طرح بھی قبول نہیں کرتے»

            وہ ان کی کوئی بھی داد رسی نہیں کر سکتے۔

             اِلاَّ کَبَاسِطِ کَفَّیْہِ اِلَی الْمَآءِ لِیَبْلُغَ فَاہُ وَمَا ہُوَ بِبَالِغِہ: «مگر جیسے کوئی پھیلا دے اپنے دونوں ہاتھ پانی کی طرف کہ وہ اُس کے منہ تک پہنچ جائے، حالانکہ وہ اس (کے منہ) تک پہنچنے والا نہیں ہے۔»

            جیسے اپنے ہاتھ پھیلا کر پانی کو اپنے منہ کی طرف بلانا ایک کارِ عبث ہے، اسی طرح کسی غیر اللہ کو پکارنا، اُس کے سامنے گڑ گڑانا اور اس سے داد رسی کی امید رکھنا بھی کارِ عبث ہے۔

             وَمَا دُعَآءُ الْکٰفِرِیْنَ اِلاَّ فِیْ ضَلٰلٍ : «اور کافروں کی دعا تو بالکل بے کار ہے۔»

            یہ لوگ جو اللہ کے علاوہ کسی کو پکارتے ہیں ان کی یہ پکار لا حاصل ہے، ایک تیر بے ہدف اور صدا بہ صحرا ہے۔ 

UP
X
<>