May 16, 2024

قرآن کریم > الإسراء >surah 17 ayat 68

اَفَاَمِنْتُمْ اَنْ يَّخْسِفَ بِكُمْ جَانِبَ الْبَرِّ اَوْ يُرْسِلَ عَلَيْكُمْ حَاصِبًا ثُمَّ لَا تَجِدُوْا لَكُمْ وَكِيْلًا

تو کیا تمہیں اس بات کا کوئی ڈر نہیں رہا کہ اﷲ تمہیں خشکی ہی کے ایک حصے میں دھنسا دے، یاتم پر پتھر برسانے والی آندھی بھیج دے، اور پھر تمہیں اپناکوئی رکھوالا نہ ملے؟

 آیت ۶۸:  اَفَاَمِنْتُمْ اَنْ یَّخْسِفَ بِکُمْ جَانِبَ الْبَرِ:   «تو کیا تم اس بات سے بے خوف ہو گئے ہو کہ وہ دھنسا دے تمہیں کہیں خشکی میں ہی؟»

            جب تم جان بچا کر سمندر سے خشکی پر آتے ہو تو پھر اللہ کی نا شکری کرتے ہوئے اس سے منہ موڑ لیتے۔ کیا تمہیں اس بات سے خوف نہیں آتا کہ اگراللہ چاہے تو تمہیں خشک زمین ہی کے اندر دھنسا دے؟ کیا خشکی پر لوگوں کو موت نہیں آتی؟

آسوده  ساحل  تو  ہے  مگر  شاید  یہ  تجھے  معلوم   نہیں

ساحل سے بھی موجیں اٹھتی ہیں، خاموش بھی طوفاں ہوتے ہیں!

              اَوْ یُرْسِلَ عَلَیْکُمْ حَاصِبًا ثُمَّ لاَ تَجِدُوْا لَکُمْ وَکِیْلاً:   «یا وہ تم پر بھیج دے کنکر برسانے والی تیز ہوا، پھر تم نہ پاؤ اپنے لیے کوئی بچانے والا !»

            تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ چاہے تو سنگریزوں والی خوفناک آندھی سے بھی تمہیں ہلاک کر سکتا ہے۔ 

UP
X
<>