May 6, 2024

قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 24

فَإِنْ لَمْ تَفْعَلُوا وَلَنْ تَفْعَلُوا فَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِي وَقُودُهَا النَّاسُ وَالْحِجَارَةُ أُعِدَّتْ لِلْكَافِرِينَ

 پھر بھی اگر تم یہ کام نہ کرسکو اور یقینا کبھی نہیں کرسکو گے تو ڈرو اس آگ سے جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے وہ کافروں کے لئے تیار کی گئی ہے 

آیت 24:  فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا وَلَنْ تَفْعَلُوْا:  پھر اگر تم ایسا نہ کر سکو ، اور ہرگز نہ کر سکو گے!

            ذرا انداز دیکھئے ، کیسا تحدی اور چیلنج کا ہے! اور یہ چیلنج اللہ کے سوا کوئی نہیں دے سکتا۔ یہ انداز دنیا کی کسی کتاب کا نہیں ہے  ، یہ دعویٰ صرف قرآن کا ہے ۔ کیسا دو ٹوک انداز ہے: (پھر اگر تم نہ کر پائو  ، اور تم ہرگز نہیں کر پائو گے۔)

             فَاتَّـقُوا النَّارَ الَّتِیْ وَقُوْدُھَا النَّاسُ وَالْحِجَارَۃُ:  تو پھر بچو اُس آگ سے جس کا ایندھن بنیں گے انسان اور پتھر۔

            جہنم کے ایندھن کے طور پر پتھروں کا ذکر خاص طور پر کیا گیا ہے۔ اس کے دو امکانات ہیں۔ ایک تو یہ کہ آپ کو معلوم ہے پتھر کے کوئلے کی آگ عام لکڑی کے کوئلے کے مقابلے میں بڑی سخت ہوتی ہے۔ لہٰذا جہنم کی آگ بہت بڑے بڑے پتھروں سے دہکائی جائے گی۔ دوسرے یہ کہ مشرکین نے جو معبود تراش رکھے تھے وہ پتھر کے ہوتے تھے۔ مشرکین کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ تمہارے ساتھ تمہارے ان معبودوں کو بھی جہنم میں جھونکا جائے گا تاکہ تمہاری حسرت کے اندر اضافہ ہو کہ یہ ہیں وہ معبودانِ باطل جن سے ہم دعائیں مانگا کرتے تھے ، جن کے سامنے ماتھے ٹیکتے تھے ، جن کے سامنے ڈنڈوت کرتے تھے ، جن کو چڑھاوے چڑھاتے تھے!

             اُعِدَّتْ لِلْکٰفِرِیْنَ:  تیار کی گئی ہے کافروں کے لیے۔

            یہ جہنم منکرین ِحق کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اب یہاں گویا ایمان باللہ اور ایمان بالرسالت کے بعد ایمان بالآخرت کا ذکر آ گیا۔

UP
X
<>