May 18, 2024

قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 263

قَوْلٌ مَعْرُوفٌ وَمَغْفِرَةٌ خَيْرٌ مِنْ صَدَقَةٍ يَتْبَعُهَا أَذًى وَاللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٌ

بھلی بات کہہ دینا اور در گذر کر نا اس صدقے سے بہترہے جس کے بعد کوئی تکلیف پہنچائی جائے ۔ اور اﷲ بڑا بے نیاز، بہت بردبار ہے

 آیت 263:    قَوْلٌ مَّعْرُوْفٌ وَّمَغْفِرَۃٌ :   «بھلی بات کہنا اور درگزر کرنا»

             خَیْـرٌ مِّنْ صَدَقَۃٍ یَّـتْبَعُہَآ اَذًی :   «بہتر ہے اس خیرات سے جس کے بعد اذیت ّپہنچائی جائے۔ »

            اگر آپ کے پاس کوئی ضرورت مند آ گیا ہے‘ کسی نے ہاتھ پھیلا دیا ہے تو اگر آپ اس کی مدد نہیں کر سکتے تو دلداری کا ایک کلمہ کہہ دیجیے‘ نرمی کے ساتھ جواب دے دیجیے‘ معذرت کر لیجیے۔  یا اگر کسی سائل نے آپ کے ساتھ درشت رویہ اختیار کیا ہے تو پھر بھی اسے ڈانٹئے نہیں:  وَاَمَّا السَّآئِلَ فَلَا تَنْھَرْ :   (الضحٰی)  بلکہ درگزر سے کام لیجیے۔  یہ طرزِ عمل اس سے کہیں بہتر ہے کہ ضرورت مند کو کچھ دے تو دیالیکن اس کے بعد اسے دوچار جملے بھی سنا دیے‘ اس کی دلآزاری بھی کر دی۔  تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

             وَاللّٰہُ غَنِیٌّ حَلِیْمٌ :   «اللہ تعالیٰ غنی ہے اور حلیم ہے۔ »

            وہ بے نیاز بھی ہے اور برد بار بھی۔  اگر تم کسی کو کچھ دے رہے ہو تو اصل میں اللہ کو دے رہے ہو۔  اس ضمن میں ایک حدیث قدسی میں بڑی وضاحت آئی ہے۔  حضرت ابوہریرہ  روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ  نے ارشاد فرمایا:

«قیامت کے دن اللہ عز وجل فرمائے گا : اے آدم کے بیٹے! میں بیمار ہوا تو نے میری تیمار داری نہیں کی۔  وہ کہے گا: اے پروردگار! میں تیری تیمارداری کیسے کرتا جبکہ تو رب العالمین ہے؟ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: کیا تو نہیں جانتا کہ میرا فلاں بندہ بیمار ہوا اور تو نے اس کی تیمار داری نہیں کی؟ کیا تو نہیں جانتا کہ اگر تو اس کی تیمارداری کرتا تو مجھے اس کے پاس موجود پاتا!      اے آدم کے بیٹے! میں نے تجھ سے کھانا مانگا تھا‘ تو نے مجھے کھانا نہیں کھلایا۔  وہ کہے گا : اے میرے ربّ! میں تجھ کو کھانا کیسے کھلاتا جبکہ تو رب العالمین ہے؟ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: کیا تو نہیں جانتا کہ تجھ سے میرے فلاں بندے نے کھانا مانگا تھا‘ تو نے اس کو کھانا نہیں کھلایا ؟ کیا تو نہیں جانتا کہ اگر تو اسے کھانا کھلاتا تو اس کھانے کو میرے پاس موجود پاتا!      اے آدم کے بیٹے! میں نے تجھ سے پانی مانگا تھا‘ تو نے مجھے پانی نہیں پلایا۔  وہ کہے گا: پروردگار! میں تجھ کو کیسے پانی پلاتا جبکہ تو تو رب العالمین ہے؟ اللہ تعالیٰ فرمائے گا : تجھ سے میرے فلاں بندے نے پانی مانگا تھا‘ تو نے اس کو پانی نہیں پلایاتھا‘کیا ایسا نہیں ہے کہ اگر تو اس کو پانی پلادیتا تو اپنے اس عمل کو میرے پاس موجود پاتا!»

            چنانچہ یاد رکھو کہ جو کچھ تم کسی ضرورت مند کو دے رہے ہو وہ درحقیقت اللہ کو دے رہے ہو‘ جو غنی ہے‘ جس نے تمہیں سب کچھ عطا کیا ہے۔  اور تمہارے طرزِ عمل کے باوجود بھی اگر وہ تم سے درگزر کررہا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ حلیم ہے‘ بردبار ہے۔  اگر تم اپنے دل سے اُتری ہوئی شے اللہ کے نام پر دیتے ہو‘ کوئی بے کار اور ردّی چیز اللہ کے نام پر دے دیتے ہو تو اللہ تعالیٰ کی غیرت اگر اسی وقت جوش میں آجائے تو تمہیں ہر نعمت سے محروم کر دے۔  وہ چاہے تو ایسا کر سکتا ہے‘ لیکن نہیں کرتا‘ اس لیے کہ وہ حلیم ہے۔  

UP
X
<>