May 5, 2024

قرآن کریم > طه >surah 20 ayat 71

فرعون بولا : ’’ تم ان پر میرے اجازت دینے سے پہلے ہی ایمان لے آئے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ (موسیٰ) تم سب کا سرغنہ ہے جس نے تمہیں جادو سکھلایا ہے۔ اب میں نے بھی پکا ارادہ کر لیا ہے کہ تمہارے ہاتھ پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹو ں گا، اور تمہیں کھجور کے تنوں پر سولی چڑھاؤں گا۔ اور تمہیں یقینا پتہ لگ جائے گا کہ ہم دونوں میں سے کس کا عذاب زیادہ سخت اور دیر پا ہے۔‘‘

 آیت ۷۱:  قَالَ اٰمَنْتُمْ لَہُ قَبْلَ اَنْ اٰذَنَ لَکُمْ:   «فرعون نے کہا: (تو کیا) تم اس پر ایمان لے آئے ہو اس سے پہلے کہ میں تمہیں اجازت دیتا!»

            فرعون نے مخصوص شہنشاہانہ اندازمیں جادوگروں کو ڈانٹ پلائی کہ تمہاری یہ جرأت! تم لوگوں نے مابدولت کی اجازت کے بغیر موسیٰ کے رب پر ایمان لانے کا اعلان بھی کر دیا! حالانکہ میری اجازت کے بغیر تو اس کے بارے میں تمہیں زبان بھی نہیں کھولنا چاہیے تھی۔

            اِنَّہُ لَکَبِیْرُکُمُ الَّذِیْ عَلَّمَکُمُ السِّحْرَ:   «یقینا یہی تمہارا گرو ہے جس نے تمہیں جادو سکھایا ہے۔»

            اب فرعون کو ایک اور چال سوجھی۔ جس طرح عزیز مصر کی بیوی نے اپنے خاوند کو سامنے دروازے پر دیکھ کر یکدم پینترا بدلا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ یوسف اس کی آبرو کے درپے ہوا تھا، اسی طرح فرعون نے جادوگروں کو مخاطب ہو کر کہا کہ تم لوگوں نے جو مقابلہ کیا ہے یہ محض دکھاوا تھا۔ موسیٰ دراصل تمہارا استاد ہے، تم لوگوں نے اسی سے جادو سیکھ رکھا ہے۔ اندر سے تم لوگ آپس میں ملے ہوئے ہو۔ تمہاری یہ شکست تم لوگوں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے اور اس طرح تم لوگو ں نے مل ملا کر ہمارے خلاف ایک بہت بڑی سازش کی ہے۔ چنانچہ اس نے گرجتے ہوئے جادوگروں کو دھمکی دی:  

            فَلَاُقَطِّعَنَّ اَیْدِیَکُمْ وَاَرْجُلَکُمْ مِّنْ خِلَافٍ وَّلَاُوصَلِّبَنَّکُمْ فِیْ جُذُوْعِ النَّخْلِ:   «تو میں تمہارے ہاتھ اور پاؤ ں مخالف سمتوں سے کاٹ ڈالوں گا، اورتمہیں کھجور کے تنوں پر سولی (دے کر لٹکا) دوں گا۔»

            وَلَتَعْلَمُنَّ اَیُّنَآ اَشَدُّ عَذَابًا وَّاَبْقٰی:   «اور یقینا تمہیں (جلد) معلوم ہو جائے گا کہ ہم میں سے کون زیادہ سخت سزا دینے والا ہے اور کون زیادہ باقی رہنے والا ہے۔»

            تم لوگوں کو میرے اور موسیٰ کے اختیار و مرتبے کا فرق بہت جلد معلوم ہو جائے گا کہ ہم میں سے کون زیادہ سخت سزا دے سکتا ہے اور کس کو بقاء و دوام حاصل ہے۔ 

UP
X
<>