May 4, 2024

قرآن کریم > المؤمنون >surah 23 ayat 21

وَاِنَّ لَكُمْ فِي الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً ۭ نُسْقِيْكُمْ مِّمَّا فِيْ بُطُوْنِهَا وَلَكُمْ فِيْهَا مَنَافِعُ كَثِيْرَةٌ وَّمِنْهَا تَاْكُلُوْنَ

اور حقیقت یہ ہے کہ تمہارے لئے مویشیوں میں بڑی نصیحت کاسامان ہے۔ جو (دودھ) ان کے پیٹ میں ہے، اُس سے ہم تمہیں سیراب کرتے ہیں ، اور اُن میں تمہارے لئے بہت سے فوائد ہیں ، اور انہی سے تم غذا بھی حاصل کرتے ہو

 آیت ۲۱: وَاِنَّ لَکُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَۃً : «اور یقینا تمہارے لیے ان چوپایوں میں بھی عبرت کا سامان ہے»

            اگر تم سمجھنا چاہو تو ان میں تمہاری ہدایت کے لیے بہت واضح نشانیاں ہیں ۔

            : نُسْقِیْکُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِہَا: «ہم پلاتے ہیں تمہیں اس میں سے جو ان کے پیٹوں میں ہے»

            سورۃ النحل میں اس عجوبۂ قدرت کا ذکر اس طرح کیا گیا ہے: وَاِنَّ لَکُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَۃً نُسْقِیْکُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِہِ مِنْ بَیْنِ فَرْثٍ وَّدَمٍ لَّبَنًا خَالِصًا سَآئِغًا لِّلشّٰرِبِیْنَ : «اور یقینا تمہارے لیے چوپایوں میں بھی عبرت ہے، ہم پلاتے ہیں تمہیں اُس میں سے جو اُن کے پیٹوں میں ہوتا ہے، گوبر اور خون کے درمیان سے خالص دودھ، پینے والوں کے لیے نہایت خوشگوار»۔ اگر ہم گائے یا بھینس کا پیٹ چاک کرکے دیکھیں تو اس کے اندر ہمیں گوبر اور خون ہی نظر آئے گا۔ یہ اللہ کی قدرت ہے کہ انہی آلائشوں کے اندر سے صاف شفاف دودھ پیدا ہوتا ہے جو انسانوں کے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کی اس نعمت اور قدرت پر غور کریں تو بچوں کی نظم کے یہ اشعار بے اختیار زبان پر آ جاتے ہیں :

رب کا   شکر    ادا کر بھائی

جس نے  ہماری     گائے بنائی

اُس خالق کو    کیوں نہ پکاریں

 جس نے پلائیں دودھ کی دھاریں

             وَلَکُمْ فِیْہَا مَنَافِعُ کَثِیْرَۃٌ وَّمِنْہَا تَاْکُلُوْنَ: «اور تمہارے لیے ان میں بہت سے فوائد ہیں اور ان میں سے بعض کو تم کھاتے بھی ہو۔»

            یہ چوپائے بہت سے کاموں میں تمہاری مدد کرتے ہیں ۔ تمہارے ساز و سامان کی نقل و حمل میں تمہارے کام آتے ہیں اور تم اپنی غذا میں پروٹین بھی انہی کے گوشت سے حاصل کرتے ہو۔ 

UP
X
<>