May 3, 2024

قرآن کریم > الفرقان >sorah 25 ayat 50

وَلَقَدْ صَرَّفْنَاهُ بَيْنَهُمْ لِيَذَّكَّرُوا فَأَبَى أَكْثَرُ النَّاسِ إِلاَّ كُفُورًا 

اور ہم نے لوگوں کے فائدے کیلئے اُس (پانی) کی اُلٹ پھیر کر رکھی ہے، تاکہ وہ سبق حاصل کریں ۔ لیکن اکثر لوگ ناشکری کے سوا ہر بات سے انکاری ہیں

آیت ۵۰   وَلَقَدْ صَرَّفْنٰہُ بَیْنَہُمْ لِیَذَّکَّرُوْا: ’’اور اس کو ہم نے گردش میں رکھا ہوا ہے ان کے مابین تاکہ لوگ اس سے نصیحت حاصل کریں‘‘

      سمندر کے بخارات سے بادلوں کا بننا، اربوں ٹن پانی کا ہواؤں کے دوش پر ہزاروں میلوں کے فاصلے طے کر کے مختلف علاقوں میں بارش برسانا، ان بارشوں سے ندی نالوں اور دریاؤں کے سلسلوں کا جنم لینا، انسانی آبادیوں سے میلوں کی بلندیوں پر گلیشیرز کی صورت میں پانی کے کبھی نہ ختم ہونے والے ذخائر (over head tanks) کا وجود میں آنا، پھر گلیشیرز کا پگھل پگھل کر ایک تسلسل کے ساتھ انسانی ضرورتوں کی سیرابی کا ذریعہ بننا، اور اس سب کچھ کے بعد فالتو پانی کا پھر سے سمندر میں پہنچ جانا! یہ ہے پانی کی گردش (water cycle) کا عظیم الشان نظام جو قدرت کے بڑے بڑے عجائبات میں سے ہے اور زبانِ حال سے انسانی عقل و شعور کو دعوتِ فکر دیتا ہے کہ وہ اس کے خالق کو پہچانے اور اس پر ایمان لائے۔

      فَاَبٰٓی اَکْثَرُ النَّاسِ اِلَّا کُفُوْرًا: ’’لیکن اکثر لوگ کفرانِ نعمت ہی کرتے ہیں۔‘‘

      اس سب کے باوجود اکثر لوگ ناشکری ہی پر اَڑے ہوئے ہیں اور اس کے سوا کوئی دوسرا طرزِعمل اختیارکرنے سے انکاری ہیں۔

UP
X
<>