May 6, 2024

قرآن کریم > العنكبوت >sorah 29 ayat 56

يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّ أَرْضِي وَاسِعَةٌ فَإِيَّايَ فَاعْبُدُونِ

اے میرے بندو جو ایمان لا چکے ہو ! یقین جانو میری زمین بہت وسیع ہے، لہٰذا خالص میری عبادت کرو

آیت ۵۶   یٰعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنَّ اَرْضِیْ وَاسِعَۃٌ فَاِیَّایَ فَاعْبُدُوْنِ: ’’اے میرے وہ بندو جو ایمان لائے ہو! میری زمین بہت وسیع ہے، پس عبادت تم میری ہی کرو۔‘‘

      قرآن کے اس اسلوب کے بارے میں ایک نکتہ جو پہلے کئی بار دہرایا جا چکا ہے یہاں پھر ذہن میں تازہ کرلیں کہ مکی دور میں اہل ایمان سے براہِ راست بہت کم خطاب کیا گیا ہے، زیادہ تر انہیں نبی مکرم کی وساطت سے ہی مخاطب کیا گیا ہے، جبکہ یٰٓــاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کی اصطلاح صرف مدنی قرآن میں ملتی ہے۔

      یہاں پر یٰعِبَادِیَ کے طرزِ تخاطب میں بہت شفقت اور عنایت کا اظہار پایا جاتا ہے کہ اے میرے بندو! اگر مجھ پر ایمان لانے کی پاداش میں مکہ کی سرزمین میں تمہارا قافیہ تنگ کر دیا گیا ہے، تمہارے لیے اگر یہاں رہنا محال ہو گیا ہے اور ان حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید ہمت تم لوگوں میں نہیں رہی تو اپنے اس شہر کو چھوڑ دو، کہیں اور چلے جاؤ، میری زمین بہت وسیع ہے۔ اس آیت میں ہجرت کی طرف راہنمائی ہے اور ہجرتِ حبشہ اسی حکم کی روشنی میں وقوع پذیر ہوئی تھی۔ اب اگلی آیت میں چوتھی ہدایت کا ذکر ہے:

UP
X
<>