May 3, 2024

قرآن کریم > الأحزاب >sorah 33 ayat 13

وَإِذْ قَالَت طَّائِفَةٌ مِّنْهُمْ يَا أَهْلَ يَثْرِبَ لا مُقَامَ لَكُمْ فَارْجِعُوا وَيَسْتَأْذِنُ فَرِيقٌ مِّنْهُمُ النَّبِيَّ يَقُولُونَ إِنَّ بُيُوتَنَا عَوْرَةٌ وَمَا هِيَ بِعَوْرَةٍ إِن يُرِيدُونَ إِلاَّ فِرَارًا

اور جب اُنہی میں سے کچھ لوگوں نے کہا تھا کہ : ’’ یثرب کے لوگو ! تمہارے لئے یہاں ٹھہرنے کا کوئی موقع نہیں ہے، بس واپس لوٹ جاؤ۔‘‘ اور اُنہی میں سے کچھ لوگ نبی سے یہ کہہ کر (گھر جانے کی) اجازت مانگ رہے تھے کہ : ’’ ہمارے گھر غیر محفوظ ہیں‘‘ حالانکہ وہ غیر محفوظ نہیں تھے، بلکہ ان کا مقصد صرف یہ تھا کہ (کسی طرح) بھاگ کھڑے ہوں

آیت ۱۳    وَاِذْ قَالَتْ طَّآئِفَۃٌ مِّنْہُمْ یٰٓاَہْلَ یَثْرِبَ لَا مُقَامَ لَکُمْ فَارْجِعُوْا: ’’اور جب ان میں سے ایک گروہ نے کہا کہ اے اہل ِیثرب! اب تمہارا کوئی ٹھکانہ نہیں، چنانچہ تم لوٹ جاؤ!‘‘

        کہ اب تمہارے بچنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ خندق کے سامنے اتنے بڑے لشکر کے مقابلے میں تم کیسے ٹھہر سکو گے؟ چنانچہ تم اپنی جانیں بچانے کی فکر کرو اور شہر کی طرف پلٹ چلو۔

        وَیَسْتَاْذِنُ فَرِیْقٌ مِّنْہُمُ النَّبِیَّ یَقُوْلُوْنَ اِنَّ بُیُوْتَنَا عَوْرَۃٌ: ’’اور ان میں سے ایک گروہ نبیؐ سے اجازت طلب کر رہا تھا، وہ کہہ رہے تھے کہ ہمارے گھر غیر محفوظ ہیں۔‘‘

        محاصرے کے دوران شہر کی صورت حال کچھ یوں تھی کہ حملہ آوروں کے مقابلے کے لیے تمام مرد شہر سے باہر ایک جگہ پر اکٹھے تھے۔ حضور  نے عورتوں اور بچوں کی حفاظت کا یہ انتظام فرمایا تھا کہ انہیں مدینہ کے وسطی علاقے میں ایک بڑی حویلی کے اندر جمع کر کے وہاں پہرے وغیرہ کا بندوبست فرما دیا تھا۔ جب بنو قریظہ کی طرف سے عہد شکنی کی خبریں آئیں تو اس یہودی قبیلہ کی طرف سے عورتوں اور بچوں پر حملے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اس صورت حال میں منافقین بار بار آ کر حضور  سے اس بہانے واپس اپنے گھروں کو جانے کی اجازت مانگتے تھے کہ اب ان کے گھر غیر محفوظ ہو گئے ہیں اور ان کے اہل و عیال کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

        وَمَا ہِیَ بِعَوْرَۃٍ: ’’حالانکہ وہ غیر محفوظ نہیں تھے۔‘‘

        اللہ اور اللہ کے رسول  کی طرف سے ان کے اہل و عیال کی حفاظت کا مناسب بندوبست کیا گیا تھا اور بظاہر انہیں کوئی خطرہ درپیش نہیں تھا۔

        اِنْ یُّرِیْدُوْنَ اِلَّا فِرَارًا: ’’حقیقت میں وہ کچھ نہیں چاہتے تھے سوائے فرار کے۔‘‘

        ان کی ایسی باتوں کی اصلیت کچھ نہیں تھی۔ اصل میں وہ جنگ سے بھاگنے کے بہانے تلاش کر رہے تھے۔ 

UP
X
<>