May 5, 2024

قرآن کریم > سبإ >sorah 34 ayat 17

ذَلِكَ جَزَيْنَاهُم بِمَا كَفَرُوا وَهَلْ نُجَازِي إِلاَّ الْكَفُورَ

یہ سزا ہم نے اُن کو اس لئے دی کہ اُنہوں نے ناشکری کی رَوِش اختیار کی تھی، اور ایسی سزا ہم کسی اور کو نہیں ، بڑے بڑے ناشکروں ہی کو دیا کرتے ہیں

آیت ۱۷   ذٰلِکَ جَزَیْنٰہُمْ بِمَا کَفَرُوْا: ’’یہ بدلہ دیا ہم نے ان کو ان کے کفر انِ نعمت کی وجہ سے۔‘‘

        وَہَلْ نُجٰزِیْٓ اِلَّا الْکَفُوْرَ: ’’اور ہم ایسا برا بدلہ نہیں دیتے مگر نا شکرے لوگوں کو۔‘‘

        چند سال پہلے میرا ذہن پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے ان آیات کی طرف منتقل ہوا کہ ہمیں بھی اللہ تعالیٰ نے دائیں اور بائیں کے دو خوبصورت باغات سے نوازا تھا۔ ایک باغ کا نام مغربی پاکستان تھا اور دوسرے کا مشرقی پاکستان۔ ہمارے لیے بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے دونوں باغات میں آزادی اور امن و امان کا ماحول فراہم کیا گیا تھا۔ دونوں جگہوں پر کسی نہ کسی حد تک بَلْدَۃٌ طَیِّبَۃٌ وَّرَبٌّ غَفُوْرٌ کی عملی تصویر نظر آتی تھی۔ پھر ہم بھی اپنے رب کی نا شکری کے مرتکب ہوئے، ہم نے بھی اس کی اطاعت سے اعراض کیا۔ چنانچہ ہمارے اس طرزِ عمل کے باعث ہم سے بھی بہت سی نعمتیں سلب کر لی گئیں اور پھر ہمیں معاشی بدحالی اور خطرات و خدشات کی اس حالت کو پہنچا دیا گیا جس کا سامنا ہم آج کر رہے ہیں۔ سورۃ الانبیاء میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: (لَقَدْ اَنْزَلْنَآ اِلَیْکُمْ کِتٰبًا فِیْہِ ذِکْرُکُمْ اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ)  ’’(اے لوگو) ہم نے تمہاری طرف یہ کتاب نازل کی ہے، اس میں تمہارا ذکر ہے، تو کیا تم لوگ عقل سے کام نہیں لیتے؟‘‘ اس فرمانِ الٰہی کے مطابق قرآن کے اندر ہر قوم اور ہرانسان کو اپنے حالات کا عکس کہیں نہ کہیں ضرور نظر آئے گا، بشرطیکہ اسے پڑھنے والے اس کے ’’بین السطور‘‘ مطالب و مفاہیم کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ چنانچہ ہمیں ہلکے سے ہلکے درجے میں ہی سہی اس آیت کا تطابق اپنے قومی و ملکی حالات پر کر کے اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرور کوشش کرنی چاہیے۔ 

UP
X
<>