May 18, 2024

قرآن کریم > الصّافّات >sorah 37 ayat 98

فَأَرَادُوا بِهِ كَيْدًا فَجَعَلْنَاهُمُ الأَسْفَلِينَ

اس طرح اُنہوں نے ابراہیم کے خلاف ایک بُرا منصوبہ بنانا چاہا، لیکن ہم نے اُنہیں نیچا دکھا دیا

آیت ۹۸   فَاَرَادُوْا بِہٖ کَیْدًا فَجَعَلْنٰہُمُ الْاَسْفَلِیْنَ : ’’تو اس طرح انہوں نے اس کے ساتھ ایک داؤ آزمایا‘ لیکن ہم نے ان کو ہی نیچا دکھادیا۔‘‘

        انہوں نے ابراہیم کے خلاف کون سا داؤ آزمایا تھا‘ اس کی وضاحت قبل ازیں سورۃ الانبیاء کی آیت ۷۰ کی تشریح کے ضمن میں ہو چکی ہے۔ دراصل وہ لوگ آپؑ کو آگ میں جلانا نہیں چاہتے تھے بلکہ محض ڈرانا چاہتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ جب آپؑ دیکھیں گے کہ ان کے لیے آگ کا اتنا بڑا اَلاؤ دہکایا جا رہا ہے تو سارا نشہ ہرن ہو جائے گا‘ اور پھر جب انہیں آگ کے دہانے پر لا کرکھڑا کیا جائے گاتو ہوش ٹھکانے آجائیں گے اور آپؑ تائب ہو کر اپنے عقائد سے رجوع کر لیں گے۔ان کا خیال تھا کہ اس طرح یہ ’’فتنہ‘‘ دب جائے گا۔ لیکن یہاں تو معاملہ بالکل ہی الٹ ہو گیا۔ حضرت ابراہیم کو الاؤ کے دہانے پر لایا گیا تو بقول اقبالؔ: ؎

بے خطر کود پڑا آتش ِنمرود میں عشق     عقل ہے محو ِتماشائے لب ِبام ابھی!

        بہر حال جب ابراہیم  نے بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا تو پھر اللہ تعالیٰ نے آپؑ کے لیے آ گ کو گل و گلزار بنا دیا۔ اس طرح وہ لوگ اپنے ارادوں اور منصوبوں سمیت خائب و خاسر ہو گئے۔

UP
X
<>