May 3, 2024

قرآن کریم > ص >sorah 38 ayat 16

وَقَالُوا رَبَّنَا عَجِّل لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ يَوْمِ الْحِسَابِ 

اور کہتے ہیں کہ : ’’ اے ہمارے پروردگار !ہمارا حصہ ہمیں روزِ حساب سے پہلے ہی جلدی دیدے !‘‘

آیت ۱۶:   وَقَالُوْا رَبَّنَا عَجِّلْ لَّنَا قِطَّنَا قَبْلَ یَوْمِ الْحِسَابِ : ’’اور وہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب !ہمارا حصہ تو ہمیں جلدی دے دے‘ یومِ حساب سے پہلے۔‘‘

        یعنی توہمارا حساب روزِ حساب سے پہلے ہی چکا دے! قِطّ کے معنی حصہ بھی ہیں اور یہ حساب کے رجسٹر (چٹھا) کے لیے بھی بولاجاتا ہے‘ جس میں کسی کاروبار کی آمدن اور خرچ کا سالانہ حساب کتاب لکھا جاتا ہے اور اس سے اس کاروبار کی سالانہ بچت یا نقصان کا پتا چلتا ہے۔

        یہ بات مشرکین مکہ استہزائیہ انداز میں کہا کرتے تھے کہ یہ جو محمد ہمیں ڈراتے رہتے ہیں کہ ہمیں مرنے کے بعد اٹھایا جائے گا‘ پھرہمارے ایک ایک عمل کا حساب ہو گا اور اس کے بعد ہمیں سزا دی جائے گی‘ تو اے ہمارے پروردگار! اس کے لیے یومِ حساب ہی کا انتظار کیوں؟ یہ کام ابھی کیوں نہ ہو جائے! اس لیے بہتر ہو گا کہ تو ہمارا حساب کتاب ابھی کر لے اور ہمارا چٹھا (Balace Sheet) ابھی اسی زندگی میں ہی ہمارے ہاتھ میں تھما دے۔ 

UP
X
<>