May 4, 2024

قرآن کریم > ص >sorah 38 ayat 59

هَذَا فَوْجٌ مُّقْتَحِمٌ مَّعَكُمْ لا مَرْحَبًا بِهِمْ إِنَّهُمْ صَالُوا النَّارِ

(جب وہ اپنے پیروکاروں کو آتا دیکھیں گے تو ایک دوسرے سے کہیں گے :) ’’ یہ ایک اور لشکر ہے جو تمہارے ساتھ گھسا چلاآرہاہے، پھٹکار ہو ان پر، یہ سب آگ میں جلنے والے ہیں

آیت ۵۹:   ہٰذَا فَوْجٌ مُّقْتَحِمٌ مَّعَکُمْ: ’’یہ ایک فوج ہے جو تمہارے ساتھ دھنسی چلی آ رہی ہے۔‘‘

        جہنم میں پہلے سے موجود لوگ ہر نئے آنے والے گروہ کے بارے میں یوں کہیں گے کہ ہم تو پہلے ہی یہاں انتہائی مصیبت میں ہیں۔ جگہ بھی تنگ ہے‘ گرمی اور حبس بھی بہت ہے اور اوپر سے تم بھی ہمارے اوپر دھنسے چلے آرہے ہو۔

         لَا مَرْحَبًا بِہِمْ: ’’ان کے لیے کوئی کشادگی نہ ہو!‘‘

        یعنی یہ جونئی کھیپ آ رہی ہے ان کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ ’’مرحبا‘‘ کے لغوی معنی فراخی اور کشادگی کے ہیں۔ یہ کسی کو خوش آمدید کہنے کا کلمہ (greeting) ہے۔ یعنی آئیے آئیے! آپ کے لیے یہاں بہت جگہ اور ہر قسم کی سہولت موجود ہے (چشم ِما روشن دلِ ماشاد!) لیکن ان کے لیے وہاں کوئی خیر مقدم نہیں ہو گا۔ یعنی نہ تو کوئی ’’مرحبا‘‘ (خوش آمدید) کہنے والا ہو گا اور نہ ہی ’’مرحبا‘‘ کہنے کے لائق وہ ماحول ہو گا۔

         اِنَّہُمْ صَالُوا النَّارِ: ’’یہ ہیں آگ میں گھسے آنے والے۔‘‘ 

UP
X
<>