May 8, 2024

قرآن کریم > الزمر >sorah 39 ayat 21

أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ أَنزَلَ مِنَ السَّمَاء مَاء فَسَلَكَهُ يَنَابِيعَ فِي الأَرْضِ ثُمَّ يُخْرِجُ بِهِ زَرْعًا مُّخْتَلِفًا أَلْوَانُهُ ثُمَّ يَهِيجُ فَتَرَاهُ مُصْفَرًّا ثُمَّ يَجْعَلُهُ حُطَامًا إِنَّ فِي ذَلِكَ لَذِكْرَى لأُوْلِي الأَلْبَابِ

کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اﷲ نے آسمان سے پانی اُتارا، پھر اُسے زمین کے سوتوں میں پرو دیا؟ پھر وہ اُس پانی سے ایسی کھیتیاں وجود میں لاتا ہے جن کے رنگ مختلف ہیں ، پھر وہ کھیتیاں سوکھ جاتی ہیں تو تم اُنہیں دیکھتے ہو کہ پیلی پڑ گئی ہیں ، پھر وہ اُنہیں چورا چورا کر دیتا ہے۔ یقینا ان باتوں میں اُن لوگوں کیلئے بڑا سبق ہے جو عقل رکھتے ہیں

آیت ۲۱:  اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَسَلَکَہٗ یَنَابِیْعَ فِی الْاَرْضِ:  ’’کیا تم نے نہیں  دیکھا کہ اللہ نے اُتارا آسمان سے پانی ، پھر اس کو چلا دیا چشموں  کی شکل میں  زمین میں ‘‘

        ثُمَّ یُخْرِجُ بِہٖ زَرْعًا مُّخْتَلِفًا اَلْوَانُہٗ:  ’’پھر اس کے ذریعے سے وہ نکالتا ہے کھیتی جس کے مختلف رنگ ہیں ‘‘

        ثُمَّ یَہِیْجُ فَتَرٰہُ مُصْفَرًّا:  ’’پھر وہ پک کر تیار ہو جاتی ہے، پھر تم اسے دیکھتے ہو کہ وہ زرد ہو گئی ہے‘‘

        ثُمَّ یَجْعَلُہٗ حُطَامًا:  ’’پھر وہ اسے چورا چورا کر دیتا ہے۔ ‘‘

        کچھ عرصہ پہلے جس کھیت میں  فصل لہلہا رہی تھی اب وہاں  خاک اُڑ رہی ہے اور خشک بھوسے کے کچھ تنکے ہیں  جو اِدھر اُدھر بکھرے نظر آ رہے ہیں ۔

        اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَذِکْرٰی لِاُولِی الْاَلْبَابِ:  ’’یقینا اس میں  یاد دہانی (اور سبق)  ہے ہوشمند لوگوں  کے لیے۔ ‘‘

        یعنی اگر غور سے دیکھا جائے تو فصل کے اُگنے، نشوونما پا کر پوری طرح تیار ہونے ، پک کر سوکھ جانے اور پھر کٹ کر چورا چورا ہو جانے میں انسانی زندگی ہی کے مختلف مراحل کا نقشہ نظر آتا ہے۔ جس طرح فصل کے اُپچنے پر کسان خوش ہوتا ہے اسی طرح ہمارے ہاں  بچے کی پیدائش پر خوشیاں  منا ئی جاتی ہیں ۔ پھر وہ بچہ پرورش پا کر جوان ہوتا ہے، اس کے بعد آہستہ آہستہ بالوں میں  سفیدی آنے لگتی ہے۔ جوانی کی طاقت گھٹنا شروع ہو جاتی ہے، قویٰ کمزور پڑنے لگتے ہیں  اور پھر ایک دن اسے قبر میں  اتار دیا جاتا ہے، جہاں  وہ مٹی میں  مل کر مٹی ہو جاتا ہے۔ چنانچہ موسمی فصلوں  اور انسانوں  کا (life cycle ) ایک سا ہے۔ دونوں  میں  فرق صرف اتنا ہے کہ فصل کے اگنے سے لے کر کٹنے تک چند ماہ کا عرصہ درکار ہے جبکہ انسانی زندگی میں  یہ دورانیہ پچاس ساٹھ سال کا ہے۔ بہر حال ’’زندگی‘‘ دونوں  جگہ مشترک ہے۔ سائنسی نقطہ نظر سے بھی دیکھیں  تو نباتاتی زندگی (Botany) اورحیوانی زندگی (Zoology)  دونوں  حیاتیات (Biology) ہی کی شاخیں  ہیں ۔ 

UP
X
<>