May 19, 2024

قرآن کریم > النساء >surah 4 ayat 119

وَلأُضِلَّنَّهُمْ وَلأُمَنِّيَنَّهُمْ وَلآمُرَنَّهُمْ فَلَيُبَتِّكُنَّ آذَانَ الأَنْعَامِ وَلآمُرَنَّهُمْ فَلَيُغَيِّرُنَّ خَلْقَ اللَّهِ وَمَن يَتَّخِذِ الشَّيْطَانَ وَلِيًّا مِّن دُونِ اللَّهِ فَقَدْ خَسِرَ خُسْرَانًا مُّبِينًا 

اور میں انہیں راہِ راست سے بھٹکا کر رہوں گا، اور انہیں خوب آرزوئیں دِلاؤں گا، اور انہیں حکم دوں گا تو وہ چوپایوں کے کان چیر ڈالیں گے، اور انہیں حکم دوں گا تو وہ اﷲ کی تخلیق میں تبدیلی پیدا کریں گے۔ ‘‘ اور جو شخص اﷲ کے بجائے شیطان کو دوست بنائے اس نے کھلے کھلے خسارے کا سودا کیا

ٓیت 119:   وَّلَاُضِلَّـنَّـہُمْ وَلَاُمَنِّیَنَّہُمْ:  ’’اور میں لازماً ان کو بہکاؤں گا اور ان کو بڑی بڑی امیدیں دلاؤں گا‘‘

            ان کے دلوں میں بڑی امیدوں کے چراغ روشن کروں گا کہ یہ بہت تابناک کیریئر ہے‘ لگے رہو اسی کام میں‘ اس میں بڑا فائدہ ہے‘ ناجائز ہے تو خیر ہے‘  اللہ بخش ہی دے گا۔ ہم تو اللہ کے پیارے رسول  کے اُمتی ہیں‘ ہمیں خوف کس بات کا ہے؟ جس طرح یہودیوں کو یہ زعم ہو گیا تھا کہ ہم تو اللہ کے بیٹے ہیں‘ ہم اس کے بڑے چہیتے ہیں‘ وغیرہ۔ ان کو میں اس طرح کی لمبی لمبی امیدوں اور لمبے لمبے منصوبوں میں اُلجھا دوں گا ۔ اسی کو «طولِ امل» کہتے ہیں۔

             وَلَاٰمُرَنَّھُمْ فَلَیُبَتِّکُنَّ اٰذَانَ الْاَنْعَامِ: ’’اور میں انہیں حکم دوں گا تو(اس کی تعمیل میں) وہ چوپایوں کے کان چیر دیں گے‘‘

            اس کی تفصیل سورۃ الانعام میں آئے گی کہ فلاں ُبت یا فلاں دیوی کے نام پر کسی جانور کے کان چیر کر اسے آزاد کر دیا گیا ہے‘ اب اس کو کوئی چھیڑ نہیں سکتا‘ اس کا گوشت نہیں کھایا جا سکتا‘ اس پر سواری نہیں ہو سکتی۔

             وَلَاٰمُرَنَّھُمْ فَلَیُغَـیِّرُنَّ خَلْقَ اللّٰہِ: ’’اور میں انہیں حکم دوں گا تو (اس کی تعمیل میں) وہ اللہ کی تخلیق میں تبدیلی کریں گے۔‘‘

            جیسے آج جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں کہ َمردوں میں عورتوں کے سے انداز اپنائے جا رہے ہیں اور عورتوں میں مردوں کے سے طور طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ لیکن سائنس کے میدان میں‘  خاص طور پر Genetics میں جو کچھ آج ہو رہا ہے وہ تو بہت ہی نازک صورتِ حال ہے۔ سائنسی ترقی کے سبب انسان آج اس مقام پر پہنچ گیا ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کر کے جینیاتی تبدیلیوں کے ذریعے سے اللہ کی تخلیق میں تغیر و تبدّل کر رہا ہے۔

             وَمَنْ یَّــتَّخِذِ الشَّیْطٰنَ وَلِــیًّا مِّنْ دُوْنِ اللّٰہِ فَقَدْ خَسِرَ خُسْرَانًا مُّبِیْنًا: ’’اور جس کسی نے بھی اللہ کو چھوڑ کر شیطان کو اپنا دوست بنا لیا تو وہ بہت کھلے خسارے (اور تباہی) میں پڑ گیا۔‘‘

UP
X
<>