May 18, 2024

قرآن کریم > النساء >surah 4 ayat 140

وَقَدْ نَزَّلَ عَلَيْكُمْ فِي الْكِتَابِ أَنْ إِذَا سَمِعْتُمْ آيَاتِ اللَّهِ يُكَفَرُ بِهَا وَيُسْتَهْزَأُ بِهَا فَلاَ تَقْعُدُواْ مَعَهُمْ حَتَّى يَخُوضُواْ فِي حَدِيثٍ غَيْرِهِ إِنَّكُمْ إِذًا مِّثْلُهُمْ إِنَّ اللَّهَ جَامِعُ الْمُنَافِقِينَ وَالْكَافِرِينَ فِي جَهَنَّمَ جَمِيعًا 

اور اس نے کتاب میں تم پر یہ حکم نازل کیا ہے کہ جب تم اﷲ کی آیتوں کو سنو کہ ان کا انکار کیاجارہا ہے اور ان کا مذاق اڑایا جارہاہے تو ایسے لوگوں کے ساتھ اس وقت تک مت بیٹھو جب تک وہ کسی اور بات میں مشغول نہ ہوجائیں ، ورنہ تم بھی انہی جیسے ہو جاؤ گے۔ یقین رکھو کہ اﷲ تمام منافقوں اور کافروں کو جہنم میں اکٹھا کرنے والا ہے

آیت 140:    وَقَدْ نَزَّلَ عَلَیْکُمْ فِی الْکِتٰبِ:  ’’اور یہ بات وہ تم پر نازل کر چکا ہے کتاب میں‘‘

             اَنْ اِذَا سَمِعْتُمْ اٰیٰتِ اللّٰہِ یُـکْفَرُ بِہَا وَیُسْتَہْزَاُ بِہَا: ’’ کہ جب تم سنو کہ اللہ کی آیات کے ساتھ کفر کیا جا رہا ہے اور ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے‘‘

             فَلاَ تَقْعُدُوْا مَعَہُمْ حَتّٰی یَخُوْضُوْا فِیْ حَدِیْثٍ غَیْرِہ: ’’ تو ان کے ساتھ مت بیٹھو یہاں تک کہ وہ کسی اور بات میں لگ جائیں‘‘

            یہ سورۃ الانعام کی (آیت: 68) کا حوالہ ہے جس میں مسلمانوں کو حکم دیا گیا تھا کہ جب  تمہارے سامنے کافر لوگ اللہ کی آیات کا استہزاء کر رہے ہوں‘ قرآن کا مذاق اڑا رہے ہوں تو تم وہاں بیٹھو نہیں‘ وہاں سے اُٹھ جاؤ۔ یہ مکی ّآیت ہے۔ چونکہ اُس وقت مسلمانوں میں اتنا زور نہیں تھا کہ کفار کو ایسی حرکتوں سے زبردستی منع کر سکتے اس لیے ان کو بتایا گیا کہ ایسی محفلوں میں تم لوگ مت بیٹھو۔ اگر کسی محفل میں ایسی کوئی بات ہو جائے تو احتجاجاً وہاں سے اٹھ کر چلے جاؤ۔ ایسا نہ ہو کہ ایسی باتوں سے تمہاری غیرتِ ایمانی میں بھی کچھ کمی آ جائے یا تمہاری ایمانی ِحس ُکند پڑ جائے۔ ہاں جب وہ لوگ دوسری باتوں میں مشغول ہوجائیں تو پھر دوبارہ ان کے پاس جانے میں کوئی حرج نہیں۔ دراصل یہاں غیر مسلموں سے تعلق منقطع کرنا مقصود نہیں کیونکہ اُن کو تبلیغ کرنے کے لیے ان کے پاس جانا بھی ضروری ہے ۔

             اِنَّکُمْ اِذًا مِّثْلُہُمْ: ’’ورنہ تم بھی انہی کی مانند ہو جاؤ گے۔‘‘

            اگر اس حالت میں تم بھی ان کے ساتھ بیٹھے رہو گے تو پھر تم بھی ان جیسے ہو جاؤ گے۔

             اِنَّ اللّٰہَ جَامِعُ الْمُنٰفِقِیْنَ وَالْکٰفِرِیْنَ فِیْ جَہَنَّمَ جَمِیْعًا: ’’یقینا اللہ تعالیٰ جمع کرنے والا ہے منافقوں کو بھی اور کافروں کو بھی جہنم میں سب کے سب۔‘‘

UP
X
<>