April 27, 2024

قرآن کریم > الشورى >sorah 42 ayat 47

اسْتَجِيبُوا لِرَبِّكُم مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِيَ يَوْمٌ لاَّ مَرَدَّ لَهُ مِنَ اللَّهِ مَا لَكُم مِّن مَّلْجَأٍ يَوْمَئِذٍ وَمَا لَكُم مِّن نَّكِيرٍ

(لوگو !) اپنے پروردگار کی بات اُس دن کے آنے سے پہلے پہلے مان لو جسے اﷲ کی طرف سے ٹالا نہیں جائے گا۔ اُس دن تمہارے لئے کوئی جائے پناہ نہیں ہوگی، اور نہ تمہارے لئے پوچھ گچھ کا کوئی موقع ہوگا

آیت ۴۷:  اِسْتَجِیْبُوْا لِرَبِّکُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لَّا مَرَدَّ لَہٗ مِنَ اللّٰہِ: ’’ (اے اہل ِایمان!) اپنے رب کی پکار پر لبیک کہو، اس سے پہلے کہ اللہ کے حکم سے وہ دن آ جائے جسے لوٹایا نہ جا سکے گا۔‘‘

        یہ اسی ’’استجابت‘‘ کا ذکر ہے جس کے بارے میں قبل ازیں ہم آیت ۳۸ میں پڑھ چکے ہیں۔ وہاںیہ ذکر اصحابِ عزیمت کی مدح کے طور پر آیا تھا، لیکن یہاں اب اس کے لیے ترغیب و تشویق کا اندازہے کہ اے لوگو! اب جبکہ تم نے یہ تمام احکام پڑھ لیے ہیں، غلبہ ٔدین کے حوالے سے تم نے اپنے فرائض کو سمجھ لیا ہے، اس ضمن میں اپنے رب کی مرضی و منشا بھی تمہیں معلوم ہو چکی ہے، تواب آؤ! آگے بڑھو! اور اپنے رب کی پکار پر فوراً لبیک کہو!

        دراصل تم میں سے ہر کسی نے اپنی اپنی زندگی کے لیے بڑے بڑے منصوبے بنا رکھے ہیں۔ چنانچہ اگر کسی کو اپنے اس ’’فرض‘‘ کی ادائیگی کا احساس ہو بھی جاتا ہے تو بھی اس کا دل انہی منصوبوں میں اٹکا رہتا ہے کہ بس میںیہ کام پایہ تکمیل تک پہنچا لوں، اس ذمہ داری سے سبکدوش ہو لوں وہ فرض نبھا لوں، تو خو دکودین کے لیے وقف کر دوں گا۔ مگر تم خوب جانتے ہو کہ موت کا کوئی وقت مقرر نہیں، یہ کسی وقت بھی آ سکتی ہے۔ لہٰذا اس سے پہلے کہ موت تمہارے سامنے آن کھڑی ہو، (تم اَقِیْمُوا الدِّیْنَ وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ) کے حکم پر کان دھرو! اور اپنے رب کی اس پکار پر لبیک کہتے ہوئے دوسروں کے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھو!اور اپنی مدتِ مہلت ختم ہونے سے پہلے پہلے کرنے کا یہ اصل کام کر لو!

         مَالَـکُمْ مِّنْ مَّلْجَاٍ یَّوْمَئِذٍ وَّمَا لَـکُمْ مِّنْ نَّکِیْرٍ: ’’نہیں ہو گی تمہارے لیے اُس دن کوئی جائے پناہ اور نہیں ہو گا تمہارے لیے کوئی موقع انکار۔‘‘

        یعنی تم اپنے کرتوتوں میں سے کسی کا انکار نہیں کر سکو گے۔ ان الفاظ کا یہ مفہوم بھی ہے کہ جو کچھ بھی تمہارے ساتھ کیا جائے گا تم اس پر نہ تو کوئی احتجاج کر سکو گے اور نہ ہی اپنی حالت کو تبدیل کرنا تمہارے بس میں ہو گا۔ 

UP
X
<>