May 18, 2024

قرآن کریم > الأنعام >surah 6 ayat 146

وَعَلَى الَّذِينَ هَادُواْ حَرَّمْنَا كُلَّ ذِي ظُفُرٍ وَمِنَ الْبَقَرِ وَالْغَنَمِ حَرَّمْنَا عَلَيْهِمْ شُحُومَهُمَا إِلاَّ مَا حَمَلَتْ ظُهُورُهُمَا أَوِ الْحَوَايَا أَوْ مَا اخْتَلَطَ بِعَظْمٍ ذَلِكَ جَزَيْنَاهُم بِبَغْيِهِمْ وِإِنَّا لَصَادِقُونَ 

اور یہودیوں پر ہم نے ہر ناخن والے جانور کو حرام کر دیا تھا، اور گائے اور بکری کے اجزاء میں سے ان کی چربیاں ہم نے حرام کی تھیں ، البتہ جو چربی ان کی پشت پر یا آنتوں پر لگی ہو، یا جو کسی ہڈی سے ملی ہوئی ہو وہ مستثنیٰ تھی۔ یہ ہم نے اُن کو اُن کی سرکشی کی سزا دی تھی۔ اور پورا یقین رکھو کہ ہم سچے ہیں

آیت 146:  وَعَلَی الَّذِیْنَ ہَادُوْا حَرَّمْنَا کُلَّ ذِیْ ظُفُرٍ:  ’’اور ہم نے ان پر جو یہودی ہوئے تھے حرام کر دیے تھے ایک ناخن (کھر) والے تمام جانور۔،،

            کچھ جانوروں کے پاؤں پھٹے ہوئے ہوتے ہیں ، جیسے گائے، بکری وغیرہ، جب کہ کچھ جانوروں کا ایک ہی پاؤں (کھر) ہوتا ہے۔ ایسے ایک کھر والے جانور مثلاً گھوڑا، گدھا وغیرہ یہودیوں پر حرام کر دیے گئے تھے۔ جیسا کہ ہم پڑھ آئے ہیں ، یہودیوں پر جو چیزیں حرام کی گئیں تھیں ، ان میں سے بعض تو اصلاً حرام تھیں مگر کچھ چیزیں ان کی شرارتوں اور نا فرمانیوں کی وجہ سے بطور سزا ان کے لیے حرام کر دی گئی تھیں ۔

            وَمِنَ الْبَقَرِ وَالْغَنَمِ حَرَّمْنَا عَلَیْہِمْ شُحُوْمَہُمَآ اِلاَّ مَا حَمَلَتْ ظُہُوْرُہُمَآ اَوِ الْحَوَایَآ اَوْ مَا اخْتَلَطَ بِعَظْمٍ:  ’’اور گائے اور بکری (وغیرہ) میں سے ہم نے حرام کر دی تھی اُن پر ان کی چربی سوائے اس کے کہ جو ان کی پیٹھ یا انتڑیوں یا ہڈیوں کے ساتھ لگی ہوئی ہو۔،،

            ذٰلِکَ جَزَیْنٰـہُمْ بِبَغْیِہِمْ:  ’’یہ ہم نے انہیں سزا دی تھی ان کی سرکشی کی وجہ سے،،

            یعنی اس قسم کے جانوروں کی عام کھلی چربی ان کے لیے حرام تھی۔ لیکن یہ حکم آسمانی شریعت کا مستقل حصہ نہیں تھا، بلکہ ان کی شرارتوں اور نافرمانیوں کی وجہ سے یہ تنگی اُن پر بطور سزا کی گئی تھی۔

            وَاِنَّا لَصٰدِقُوْنَ:  ’’اور یقینا ہم سچ کہنے والے ہیں۔،، 

UP
X
<>