May 18, 2024

قرآن کریم > الأنعام >surah 6 ayat 51

وَأَنذِرْ بِهِ الَّذِينَ يَخَافُونَ أَن يُحْشَرُواْ إِلَى رَبِّهِمْ لَيْسَ لَهُم مِّن دُونِهِ وَلِيٌّ وَلاَ شَفِيعٌ لَّعَلَّهُمْ يَتَّقُونَ 

اور (اے پیغمبر !) تم اِس وحی کے ذریعے اُن لوگوں کو خبردار کرو جو اس بات کا خوف رکھتے ہیں کہ ان کو ان کے پروردگار کے پاس ایسی حالت میں جمع کر کے لایا جائے گا کہ نہ ان کا کوئی یارومدد گار ہوگا، نہ کوئی سفارشی، تاکہ وہ لوگ تقویٰ اختیار کرلیں

            ابھی پچھلے رکوع میں ہم نے پڑھا: وَمَا نُرْسِلُ الْمُرْسَلِیْنَ اِلاَّ مُبَشِّرِیْنَ وَمُنْذِرِیْنَ.  (آیت: 48) کہ تمام رسول تبشیر اور اِنذار کے لیے آتے رہے اور اسی سورت میں  ہم یہ بھی پڑھ چکے ہیں  کہ حضور کی زبانِ مبارک سے کہلوایا گیا:  وَاُوْحِیَ اِلَیَّ ہٰذَا الْقُرْاٰنُ لِاُنْذِرَکُمْ بِہ وَمَنْ بَلَغَ.  (آیت: 19) ’’یہ قرآن میری طرف وحی کیا گیا ہے تا کہ اس کے ذریعے سے میں  خبردار کروں  تم لوگوں  کو اور اُن تمام لوگوں  کو بھی جن تک یہ پہنچے،،۔ یہاں  اب پھرقرآن کے ذریعے سے (بِــہ)  انذار کا حکم آ رہا ہے کہ (اے نبی)  آپ کا کام انذار اور تبشیر ہے جسے آپ اس قرآن کے ذریعے سے سر انجام دیں ۔

آیت 51:   وَاَنْذِرْ بِہِ الَّذِیْنَ یَخَافُوْنَ اَنْ یُّحْشَرُوْٓا اِلٰی رَبِّہِمْ:   ’’اور خبردار کر دیجیے اِس (قرآن)  کے ذریعے سے اُن لوگوں  کو جنہیں  واقعتا کچھ خوف ہے کہ وہ اپنے رب کی طرف اکٹھے کیے جائیں گے،،

            جیسا کہ پہلے بھی ذکر ہو چکا ہے، مشرکین مکہ میں  بہت کم لوگ تھے جو بعث بعد الموت کے منکر تھے۔  ان میں  زیادہ تر لوگوں  کا عقیدہ یہی تھا کہ مرنے کے بعد ہم اٹھائے جائیں گے،  قیامت آئے گی اور اللہ کے حضور پیشی ہو گی،  لیکن اپنے باطل معبودوں  کے بارے میں  اُن کا گمان تھا کہ وہ وہاں  ہمارے چھڑانے کے لیے موجود ہوں  گے اورہمیں  بچا لیں  گے۔

            لَـیْسَ لَہُمْ مِّنْ دُوْنِہ وَلِیٌّ وَّلاَ شَفِیْعٌ لَّـعَلَّـہُمْ یَتَّقُوْنَ:   ’’اس حال میں  کہ ان کے لیے نہیں  ہو گا اللہ کے سوا کوئی حمایتی اور نہ کوئی سفارش کرنے والا،  شاید کہ (اس طرح سمجھانے سے)  ان میں  کچھ تقویٰ پیدا ہو جائے۔،،

            ان کو خبردار کر دیں  کہ اپنے باطل معبودوں  اور ان کی شفاعت کے سہارے کے بارے میں  اپنی غلط فہمیوں کو دور کر لیں۔ شاید کہ حقیقت ِحال کا ادراک ہونے کے بعد ان کے دلوں  میں  کچھ خوف ِ خدا پیدا ہو جائے۔

UP
X
<>