May 5, 2024

قرآن کریم > الأعراف >surah 7 ayat 53

هَلْ يَنظُرُونَ إِلاَّ تَأْوِيلَهُ يَوْمَ يَأْتِي تَأْوِيلُهُ يَقُولُ الَّذِينَ نَسُوهُ مِن قَبْلُ قَدْ جَاءتْ رُسُلُ رَبِّنَا بِالْحَقِّ فَهَل لَّنَا مِن شُفَعَاء فَيَشْفَعُواْ لَنَا أَوْ نُرَدُّ فَنَعْمَلَ غَيْرَ الَّذِي كُنَّا نَعْمَلُ قَدْ خَسِرُواْ أَنفُسَهُمْ وَضَلَّ عَنْهُم مَّا كَانُواْ يَفْتَرُونَ 

 (اب) یہ (کافر) اُس آخری انجام کے سوا کس بات کے منتظر ہیں جو اس کتاب میں مذکور ہے ؟ (حالانکہ) جس دن وہ آخری انجام آگیا جو اِس کتاب نے بتایا ہے، اُس دن یہ لوگ جو اُس انجام کو بھلا چکے تھے، یہ کہیں گے کہ : ’’ ہمارے پروردگار کے پیغمبر واقعی سچی خبر لائے تھے۔ اب کیا ہمیں کچھ سفارشی میسر آسکتے ہیں جو ہماری سفارش کریں ، یا کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ ہمیں دوبارہ وہیں (دنیا میں ) بھیج دیا جائے، تاکہ ہم جو (برے) کام پہلے کرتے رہے ہیں ، اُن کے برخلاف دوسرے (نیک) عمل کریں ؟ ‘‘ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ اپنی جانوں کیلئے سخت گھاٹے کا سودا کر چکے ہیں ، اور جو (دیوتا) انہوں نے گھڑ رکھے ہیں ، اِنہیں (اُس دن) اُن کا کہیں سراغ نہیں ملے گا

آیت 53:  ہَلْ یَنْظُرُوْنَ اِلاَّ تَاْوِیْلَہ:  ’’یہ کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں سوائے اس کی حقیقت کے مشاہدے کے!‘‘

            یعنی کیا یہ لوگ آیاتِ عذاب کے عملی ظہور کا انتظار کر رہے ہیں؟ کیا یہ انتظار کر رہے ہیں کہ وقفۂ مہلت کا یہ بند ٹوٹ جائے اور واقعتا ان کے اوپر عذاب کا دھارا چھوٹ پڑے۔ کیا یہ لوگ اس انجام کا انتظار کر رہے ہیں؟

            یَوْمَ یَاْتِیْ تَاْوِیْلُہ یَـقُوْلُ الَّذِیْنَ نَسُوْہُ مِنْ قَبْلُ قَدْ جَآءَتْ رُسُلُ رَبِّنَا بِالْحَقِّ:  ’’جس دن اس کا مصداق ظاہر ہو جائے گا تو کہیں گے وہ لوگ جنہوں نے پہلے اسے نظر انداز کیے رکھا تھا کہ یقینا ہمارے پروردگار کے رسول حق کے ساتھ آئے تھے۔‘‘

            فَہَلْ لَّــنَا مِنْ شُفَعَـآءَ فَـیَشْفَعُوْا لَـنَـآ اَوْ نُرَدُّ فَنَعْمَلَ غَیْرَ الَّذِیْ کُنَّا نَعْمَلُ:  تو کیا (اب) ہیں ہمارے لیے کوئی شفاعت کرنے والے کہ ہماری شفاعت کریں یا کوئی صورت کہ ہمیں (دنیا میں) لوٹا دیا جائے تا کہ ہم عمل کریں اس کے برعکس جو کچھ (پہلے) ہم کرتے رہے تھے !‘‘

            قَدْ خَسِرُوْٓا اَنْفُسَہُمْ وَضَلَّ عَنْہُمْ مَّا کَانُوْا یَفْتَرُوْنَ:  ’’ وہ تو اپنے آپ کو برباد کر چکے‘ اور جو افترا وہ کرتے رہے تھے وہ ان سے گم ہو گیا۔‘‘

            اس دن وہ لوگ دوبارہ دنیا میں جانے کی خواہش کریں گے، لیکن تب انہیں اس طرح کا کوئی موقع فراہم کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہو گا۔ 

UP
X
<>