May 4, 2024

قرآن کریم > التوبة >surah 9 ayat 65

وَلَئِن سَأَلْتَهُمْ لَيَقُولُنَّ إِنَّمَا كُنَّا نَخُوضُ وَنَلْعَبُ قُلْ أَبِاللَّهِ وَآيَاتِهِ وَرَسُولِهِ كُنتُمْ تَسْتَهْزِؤُونَ 

اور اگر تم ان سے پوچھو تو یہ یقینا یوں کہیں گے کہ : ’’ ہم تو ہنسی مذاق اور دل لگی کر رہے تھے۔‘‘ کہو کہ : ’’ کیا تم اﷲ اور اُس کی آیتوں اور اُس کے رسول کے ساتھ دل لگی کر رہے تھے ؟

 آیت 65: وَلَئِنْ سَاَلْتَہُمْ لَیَـقُوْلُنَّ اِنَّمَا کُنَّا نَخُوْضُ وَنَلْعَبُ: ‘‘اور اگر آپ ان سے پوچھیں گے تو کہیں گے کہ ہم تو یونہی بات چیت اور دل لگی کر رہے تھے۔‘‘

            رسول اللہ سے فرمایا جا رہا ہے کہ یہ منافقین جو آئے دن آپ اور مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے رہتے ہیں‘ اگر آپ اس کے بارے میں اِن سے باز پرس کریں تو فوراً کہیں گے کہ ہماری گفتگو سنجیدہ نوعیت کی نہیں تھی‘ ہم توویسے ہی ہنسی مذاق اور دل لگی کر رہے تھے۔

            قُلْ اَبِاللّٰہِ وَاٰیٰتِہ وَرَسُوْلِہ کُنْتُمْ تَسْتَہْزِؤُوْنَ: ‘‘آپ کہیے کیا تم اللہ‘ اُس کی آیات اور اُس کے رسول کے ساتھ استہزاء کر رہے تھے؟‘‘

            تو کیا اب ع ‘‘بازی بازی با ریش با با ہم بازی!‘‘ کے مصداق اللہ‘ اس کی آیات اور اس کا رسول بھی تمہارے استہزاء اور تمسخر کا تختہ ٔ مشق بنیں گے؟

UP
X
<>