May 2, 2024

قرآن کریم > هود >surah 11 ayat 27

فَقَالَ الْمَلأُ الَّذِينَ كَفَرُواْ مِن قِوْمِهِ مَا نَرَاكَ إِلاَّ بَشَرًا مِّثْلَنَا وَمَا نَرَاكَ اتَّبَعَكَ إِلاَّ الَّذِينَ هُمْ أَرَاذِلُنَا بَادِيَ الرَّأْيِ وَمَا نَرَى لَكُمْ عَلَيْنَا مِن فَضْلٍ بَلْ نَظُنُّكُمْ كَاذِبِينَ

اس پر اُن کی قوم کے وہ لوگ جنہوں نے کفر اختیار کر لیا تھا، کہنے لگے کہ : ’’ ہمیں تو اس سے زیادہ (تم میں ) کوئی بات نظر نہیں آرہی کہ تم ہم جیسے ہی ایک انسان ہو۔ اور ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ صرف وہ لوگ تمہارے پیچھے لگے ہیں جو ہم میں سب سے زیادہ بے حیثیت ہیں ، اور وہ بھی سطحی طور پر رائے قائم کر کے۔ اور ہمیں تم میں کوئی ایسی بات بھی دکھائی نہیں دیتی جس کی وجہ سے ہم پر تمہیں کوئی فضیلت حاصل ہو، بلکہ ہمارا خیال تو یہ ہے کہ تم سب جھوٹے ہو۔ ‘‘

 آیت ۲۷:  فَقَالَ الْمَلَاُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنْ قَوْمِہ مَا نَرٰکَ اِلاَّ بَشَرًا مِّثْلَنَا:  «تو اُس کی قوم کے اُن سرداروں نے کہا جنہوں نے کفر کی روش اختیار کی تھی کہ ہم نہیں دیکھتے (اے نوح) آپ کو مگر اپنے جیسا ایک انسان»

            انہوں نے کہا کہ آپ تو بالکل ہمارے جیسے انسان ہیں۔  آپ میں ہمیں کوئی ایسی بات نظر نہیں آتی کہ ہم آپ کو اللہ کا فرستادہ مان لیں۔

             وَمَا نَرٰکَ اتَّبَعَکَ اِلاَّ الَّذِیْنَ ہُمْ اَرَاذِلُنَا بَادِیَ الرَّاْيِ:  «اور ہم نہیں دیکھتے مگر یہ کہ آپ کی پیروی کرنے والے بظاہر ہم میں ادنیٰ درجے کے لوگ ہیں۔ »

            ہمیں بلا تامل نظر آ رہا ہے کہ چند مفلس، نادار اور نچلے طبقے کے لوگ آپ کے گرد اکٹھے ہو گئے ہیں، جبکہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی معزز اور معقول آدمی آپ سے متاثر نہیں ہوا۔

             وَمَا نَرٰی لَکُمْ عَلَیْنَا مِنْ فَضْلٍم بَلْ نَظُنُّکُمْ کٰذِبِیْنَ:  «اور ہمیں نظر نہیں آتی اپنے مقابلے میں تم لوگوں میں کوئی بھی فضیلت، بلکہ ہمارا گمان تو یہی ہے کہ تم لوگ جھوٹے ہو۔ »

UP
X
<>