May 18, 2024

قرآن کریم > هود >surah 11 ayat 69

وَلَقَدْ جَاءتْ رُسُلُنَا إِبْرَاهِيمَ بِالْبُشْرَى قَالُواْ سَلاَمًا قَالَ سَلاَمٌ فَمَا لَبِثَ أَن جَاء بِعِجْلٍ حَنِيذٍ 

اور ہمارے فرشتے (انسانی شکل میں ) ابراہیم کے پاس (بیٹا پیدا ہونے کی) خوشخبری لے کر آئے۔ انہوں نے سلام کہا، ابراہیم نے بھی سلام کہا، پھر ابراہیم کو کچھ دیر نہیں گذری تھی کہ وہ (ان کی مہمانی کیلئے) ایک بھنا ہوا بچھڑا لے آئے

            اب ان آیات میں حضرت ابراہیم کا ذکر آ رہا ہے، مگر آپ  کا ذکر انباء الرسل کے طور پر نہیں بلکہ بالکل مختلف انداز میں ہے۔  یہاں رسولوں کے ذکر میں ایک خوبصورت تقسیم کو مد نظر رکھیں، کہ اس سورت میں پہلے تین رسول جن کا زمانہ حضرت ابراہیم سے پہلے کا ہے (حضرت نوح، حضرت ہود اور حضرت صالح) ان کا ذکر کرنے کے بعد حضرت ابراہیم کا ذکر مختصراً قصص النبیین کے انداز میں آیا ہے، اور آپ  کے ذکر کے بعد پھرتین رسولوں کا تذکرہ ہے جو آپ  ہی کی نسل میں سے تھے، بلکہ اُن میں سے حضرت لوط تو آپ  کے بھتیجے اور ہم عصر بھی تھے۔  یہاں پر حضرت لوط کا ذکرانباء الرسل کے انداز میں آیا ہے اور اسی کے ذیل میں حضرت ابراہیم کا ذکر ہے۔  جب حضرت لوط کی قوم پر عذاب بھیجنے کا فیصلہ ہوا تو عذاب کے فرشتے براہِ راست حضرت لوط کے پاس جانے کے بجائے پہلے حضرت ابراہیم کے پاس گئے اور وہاں نہ صرف قومِ لوط  پر عذاب کے بارے میں اُن کا حضرت ابراہیم کے ساتھ مکالمہ ہوا بلکہ فرشتوں نے حضرت سارہ  کو حضرت اسحاق کی ولادت کی خوشخبری بھی دی۔

            یاد رہے کہ سورۃ الاعراف میں بھی جب ان چھ رسولوں کا تذکرہ انباء الرسل کے انداز میں ہوا تو وہاں بھی حضرت ابراہیم کا ذکر نہیں کیا گیا اور جب سورۃ الانعام (جو سورۃ الاعراف کی جڑواں سورت ہے) میں حضرت ابراہیم کا تذکرہ آیا تو انباء الرسل کے انداز میں نہیں بلکہ قصص النبیین کے انداز میں آیا ہے۔ یعنی حضرت ابراہیم کا ذکر قرآن حکیم میں اس طرح کہیں بھی نہیں آیا کہ آپ  کو اپنی قوم کی طرف مبعوث کیا گیا ہو، آپ  نے اپنی قوم کو دعوتِ توحید دی ہو، قوم اس دعوت سے منکر ہوئی ہو اور پھر اس پر عذاب بھیج دیا گیا ہو۔

 آیت ۶۹:  وَلَقَدْ جَآءَتْ رُسُلُنَآ اِبْرٰہِیْمَ بِالْبُشْرٰی قَالُوْا سَلٰمًا:  «اور ابراہیم  کے پاس ہمارے فرستادے بشارت لے کر آئے۔  انہوں نے کہا: سلام!»

             قَالَ سَلٰمٌ فَمَا لَبِثَ اَنْ جَآئَ بِعِجْلٍ حَنِیْذٍ:  «ابراہیم  نے بھی (جواب میں) سلام کہا، پھر کچھ دیر نہ گزری کہ آپ  لے آئے ایک بچھڑا بھنا ہوا۔»

            مہمانوں کی آمد کے فوراً بعد حضرت ابراہیم نے ان کی ضیافت کے لیے ایک بچھڑا ذبح کیا اور اسے بھون کر ان کے سامنے پیش کر دیا۔ 

UP
X
<>