May 19, 2024

قرآن کریم > هود >surah 11 ayat 92

قَالَ يَا قَوْمِ أَرَهْطِي أَعَزُّ عَلَيْكُم مِّنَ اللَّهِ وَاتَّخَذْتُمُوهُ وَرَاءكُمْ ظِهْرِيًّا إِنَّ رَبِّي بِمَا تَعْمَلُونَ مُحِيطٌ 

شعیب نے کہا : ’’ اے میری قوم! کیا تم پر میرے خاندان کا دباؤ اﷲ سے زیادہ ہے ؟ اور اُس کو تم نے بالکل ہی پسِ پُشت ڈال رکھا ہے ! یقین جانو کہ جو کچھ تم کر رہے ہو، میرا پروردگار اُس سب کا پورا احاطہ کئے ہوئے ہے

 آیت ۹۲:  قَالَ یٰقَوْمِ اَرَہْطِیْٓ اَعَزُّ عَلَیْکُمْ مِّنَ اللّٰہِ:  «آپ  نے فرمایا: اے میری قوم کے لوگو! کیا میرا خاندان تم پر اللہ سے زیادہ بھاری ہے؟»

            حقیقت میں میرا پشت پناہ تو اللہ ہے۔  تم اللہ سے نہیں ڈرتے، لیکن میرے خاندان سے ڈرتے ہو۔  کیا تمہارے نزدیک میرا خاندان اللہ سے زیادہ طاقتور ہے؟

             وَاتَّخَذْتُمُوْہُ وَرَآءَکُمْ ظِہْرِیًّا:  «اور اُس (اللہ) کو تو تم نے اپنی پیٹھوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے۔»

            یعنی اللہ کو تو تم لوگوں نے بالکل ہی بھلا چھوڑا ہے، پس پشت ڈال دیا ہے۔ یہ انسانی نفسیات کا ایک اہم پہلو ہے۔  اگرچہ آج ہم بھی اللہ کو اپنا خالق، مالک اور معبود ماننے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر ساتھ ہی دنیا اور اس کے جھمیلوں میں اس قدر مگن رہتے ہیں کہ اللہ کا تصور مستحضر نہیں رہتا۔  یہی وجہ ہے کہ ہم کاروبارِ دنیا میں حقیقی مسبب الاسباب کو بھلا کر اسباب و حقائق (cause and fact) کی منطقی بھول بھلیوں میں گم رہتے ہیں:

کافر  کی یہ  پہچان  کہ  آفاق میں  گم ہے

مؤمن کی یہ پہچان کہ گم اس میں ہیں آفاق!

            یہاں حضرت شعیب کا اپنے خاندان کے مقابلے میں اللہ کا ذکر کرنا یہ ظاہر کر رہا ہے کہ وہ لوگ اللہ کو بخوبی جانتے تھے، اسی طرح مشرکین مکہ بھی اللہ کو مانتے تھے۔ گویا اللہ کا معاملہ ایسے لوگوں کے نزدیک آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل والا ہوتا ہے۔  اسی لیے تو حضرت شعیب نے فرمایا تھا کہ تم لوگ میرے خاندان سے ڈرتے ہو مگر اللہ سے نہیں ڈرتے! حضرت شعیب کے اس جواب میں قریش کے لیے یہ پیغام مضمر ہے کہ تمہیں بھی ٌمحمد رسول اللہ  کی طرف سے یہی جواب ہے۔  

             اِنَّ رَبِّیْ بِمَا تَعْمَلُوْنَ مُحِیْطٌ:  «یقینا میرا رب تو اُس سب کا احاطہ کیے ہوئے ہے جو کچھ تم کر رہے ہو۔ »

            اللہ تمہارا اور تمہارے اعمال کا گھیراؤ کیے ہوئے ہے۔  تم اس کی گرفت سے نکل کر کہیں نہیں جا سکتے ہو۔ 

UP
X
<>