May 5, 2024

قرآن کریم > إبراهيم >surah 14 ayat 52

هَذَا بَلاَغٌ لِّلنَّاسِ وَلِيُنذَرُواْ بِهِ وَلِيَعْلَمُواْ أَنَّمَا هُوَ إِلَهٌ وَاحِدٌ وَلِيَذَّكَّرَ أُوْلُواْ الأَلْبَابِ 

یہ تمام لوگوں کیلئے ایک پیغام ہے ، اور اس لئے دیا جارہا ہے تاکہ اُنہیں اس کے ذریعے خبر دار کیا جائے ، اور تاکہ وہ جان لیں کہ معبودِ برحق بس ایک ہی ہے ، اور تاکہ سمجھ رکھنے والے نصیحت حاصل کرلیں 

 آیت ۵۲:  ہٰذَا بَلٰغٌ لِّلنَّاسِ: «یہ پہنچا دینا ہے لوگوں کے لیے»

            اس قرآن اور اس کے احکام کو لوگوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہم نے محمد ٌرسول اللہ پر ڈالی تھی۔ آپ نے یہ ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کر دی ہے۔ اب یہ ذمہ داری آپ کی اُمت کے ہر فرد پر عائد ہوتی ہے کہ وہ یہ پیغام تمام انسانوں تک پہنچائے۔

             وَلِیُنْذَرُوْا بِہ: «تا کہ وہ اس کے ذریعے سے خبردار کر دیے جائیں»

            یعنی اس قرآن کے ذریعے سے تمام انسانوں کی تذکیر و تنذیر کا حق ادا ہو جائے۔ اس حوالے سے سورۃ الانعام کی  آیت: ۱۹ کے یہ الفاظ بھی یاد کر لیجیے: وَاُوْحِیَ اِلَیَّ ہٰذَا الْقُرْاٰنُ لِاُنْذِرَکُمْ بِہ وَمَنْ بَلَغَ. «یہ قرآن میری طرف سے وحی کیا گیا ہے تا کہ میں خبردار کردوں اس کے ذریعے سے تمہیں بھی اور (ہر اُس شخص کو) جس تک بھی یہ پہنچ جائے۔»

             وَلِیَعْلَمُوْٓا اَنَّمَا ہُوَ اِلٰــہٌ وَّاحِدٌ وَّلِیَذَّکَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ: «اورتا کہ وہ جان لیں کہ صرف وہی معبود ہے اکیلا، اور اس لیے کہ نصیحت اخذ کریں عقل والے لوگ۔»

****بارک اللّٰہ لی ولکم فی القرآنِ العظیم، ونفعنی وایاکم بالایات والذکر الحکیم****

UP
X
<>