May 5, 2024

قرآن کریم > النحل >surah 16 ayat 127

وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُكَ إِلاَّ بِاللَّهِ وَلاَ تَحْزَنْ عَلَيْهِمْ وَلاَ تَكُ فِي ضَيْقٍ مِّمَّا يَمْكُرُونَ 

اور (اے پیغمبر !) تم صبر سے کام لو، اور تمہارا صبر اﷲ ہی کی توفیق سے ہے۔ اور ان (کافروں ) پر صدمہ نہ کرو، اور جو مکاریاں یہ لوگ کر رہے ہیں ، اُن کی وجہ سے تنگ دل نہ ہو

 آیت ۱۲۷:  وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُکَ اِلاَّ بِاللّٰہ:  «اور (اے نبی!) آپ صبر کیجئے اور آپ کا صبر تو اللہ ہی کے سہارے پر ہے»

            یہ حکم براہِ راست رسول اللہ کے لیے ہے اور آپ کی وساطت سے تمام مسلمانوں کے لیے بھی۔ اس سلسلے میں حقیقت یہ ہے کہ اللہ پر جس قدر اعتماد ہو گا، جیسا اس پر توکل ہو گا، جتنا پختہ اس کے وعدوں پر یقین ہوگا، اسی انداز میں انسان صبر بھی کر سکے گا۔

             وَلاَ تَحْزَنْ عَلَیْہِمْ وَلاَ تَکُ فِیْ ضَیْقٍ مِّمَّا یَمْکُرُوْنَ:  «اور آپ ان پر غم نہ کریں، اور نہ آپ تنگی میں پڑیں اس بارے میں جو سازشیں یہ لوگ کر رہے تھے۔»

            یہ لوگ اپنے کرتوتوں کے سبب عذاب کے مستحق ہو چکے ہیں۔ چنانچہ آپ ان کے انجام کے بارے میں بالکل رنجیدہ اور فکر مند نہ ہوں اور نہ ہی ان کی سازشوں اور گھٹیا معاندانہ سرگرمیوں کے بارے میں سوچ کر آپ اپنا دل میلا کریں۔ 

UP
X
<>