April 28, 2024

قرآن کریم > النحل >surah 16 ayat 17

أَفَمَن يَخْلُقُ كَمَن لاَّ يَخْلُقُ أَفَلا تَذَكَّرُونَ 

اب بتاؤ کہ جو ذات (یہ ساری چیزیں ) پیدا کرتی ہے، کیا وہ اُن کے برابر ہو سکتی ہے جو کچھ پیدانہیں کر تے؟ کیا پھر بھی تم کوئی سبق نہیں لیتے؟

 آیت ۱۷:  اَفَمَنْ یَّخْلُقُ کَمَنْ لاَّ یَخْلُقُ اَفَلَا تَذَکَّرُوْنَ:  «توکیا جو (یہ سب کچھ) پیدا کرتا ہے اُن کی طرح ہے جو (کچھ بھی) پیدا نہیں کرتے؟ تو کیا تم نصیحت حاصل نہیں کرتے؟»

             مشرکین ِعرب نے مختلف ناموں سے جو بت بنا رکھے تھے اُن کے بارے میں اُن کا عقیدہ تھا کہ وہ اللہ کے ہاں ان کی سفارش کریں گے۔ سوره یونس کی (آیت ۱۸) میں ان کے اس عقیدے کا ذکر ان الفاظ میں کیا گیا ہے:  وَیَقُوْلُوْنَ ہٰٓؤُلَآءِ شُفَعَآؤُنَا عِنْدَ اللّٰہِ.  «اور وہ کہتے ہیں کہ یہ اللہ کے ہاں ہمارے سفارشی ہیں»۔ اللہ کے بارے میں ان کا ماننا تھا کہ وہ کائنات اور اس میں موجود ہر چیز کا خالق ہے اور وہ یہ بھی تسلیم کرتے تھے کہ ان کے معبودوں کا اس تخلیق میں کوئی حصہ نہیں اور نہ ہی وہ کوئی چیز تخلیق کر سکتے ہیں۔ قرآن میں ان کے اس عقیدے کا بھی بار بار ذکر آیا ہے:  وَلَئِنْ سَاَلْتَہُمْ مَّنْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ لَیَقُوْلُنَّ اللّٰہُ.  (لقمان: ۲۵) «اگر آپ ان سے پوچھیں گے کہ کس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو تو لازماً یہی کہیں گے کہ اللہ نے!» ان لوگوں کے اسی عقیدے کی بنیاد پر یہاں یہ سوال پوچھا گیا ہے کہ تمہارے یہ خود ساختہ معبود، جو کچھ بھی تخلیق کرنے کی قدرت نہیں رکھتے، کیا اُس اللہ کی مانند ہو سکتے ہیں جو اس کائنات اور اس میں موجود ہر چیز کا خالق ہے؟ اور اگر تم تسلیم کرتے ہو کہ اس سوال کا جواب نفی میں ہے تو کیا پھر بھی تم لوگ نصیحت نہیں پکڑتے ہو؟

UP
X
<>