May 4, 2024

قرآن کریم > الإسراء >surah 17 ayat 11

وَيَدْعُ الْاِنْسَانُ بِالشَّرِّ دُعَاۗءَهُ بِالْخَيْرِ ۭ وَكَانَ الْاِنْسَانُ عَجُوْلًا

اور اِنسان برائی اس طرح مانگتا ہے جیسے اُسے بھلائی مانگنی چاہیئے، اور اِنسان بڑا جلد باز واقع ہوا ہے

 آیت ۱۱:  وَیَدْعُ الْاِنْسَانُ بِالشَّرِّ دُعَآءَہ بِالْخَیْرِ:   «اور انسان شر مانگ بیٹھتا ہے (اپنے نزدیک) بھلائی مانگتے ہوئے۔»

            یعنی انسان اللہ سے دعا کر رہا ہوتا ہے کہ اے اللہ! میرے لیے یوں کر دے، یوں کر دے۔  حالانکہ اسے کچھ معلوم نہیں ہوتا کہ جو کچھ وہ اپنے لیے مانگ رہا ہے وہ اس کے لیے مفید ہے یا مضر۔  اس طرح انسان اپنے لیے اکثر وہ کچھ مانگ لیتا ہے جو اس کے لیے الٹا نقصان دہ ہوتا ہے۔  سورۃ البقرۃ میں فرمایا گیا ہے:   عَسٰٓی اَنْ تَـکْرَہُوْا شَیْئًا وَّہُوَ خَیْرٌ لَّــکُمْ وَعَسٰٓی اَنْ تُحِبُّوْا شَیْئًا وَّہُوَ شَرٌّ لَّــکُمْ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ وَاَنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ:   «ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو، اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے لیے شر ہو، اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے»۔ چنانچہ بہتر لائحہ عمل یہ ہے کہ اللہ پر توکل کرتے ہوئے انسان اپنے معاملات اس کے حوالے کر دے کہ اے اللہ! میرے معاملات تیرے سپرد ہیں، کیونکہ میرے نفع و نقصان کو تو مجھ سے بہتر جانتا ہے:

سپر  دم  بتو  مایۂ خویش را

تو دانی حسابِ کم و بیش را!

            دعائے استخارہ میں بھی ہمیں تفویض امر کا یہی انداز سکھایا گیا ہے:

اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْتَخِیْرُکَ بِعِلْمِکَ وَاَسْتَقْدِرُکَ بِقُدْرَتِکَ وَاَسْأَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ الْعَظِیْمِ، فَاِنَّکَ تَقْدِرُ وَلَا اَقْدِرُ وَتَعْلَمُ وَلَا اَعْلَمُ وَاَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ.

«اے اللہ! میں تیرے علم کی بدولت تجھ سے خیر چاہتا ہوں اور تیری قدرت کی برکت سے طاقت مانگتا ہوں اور تجھ سے سوال کرتا ہوں تیرے فضل عظیم کا، بے شک تو ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے اور میرے اختیار میں کچھ بھی نہیں،  تو سب کچھ جانتا ہے اور میں کچھ بھی نہیں جانتا، اور تو ہر قسم کے غیب کو جاننے والا ہے۔»

بہر حال انسان کا عمومی رویہ یہی ہوتا ہے کہ وہ اللہ پر توکل کرنے کے بجائے اپنی عقل اور سوچ پر انحصار کرتا ہے اور اس طرح اپنے لیے خیر کی جگہ شر کی دعائیں کرتا رہتا ہے۔

              وَکَانَ الْاِنْسَانُ عَجُوْلاً:   «اور انسان بہت جلد باز ہے۔»

            اپنی اس جلد بازی اور کوتاہ نظری کی وجہ سے وہ شر کو خیر اور خیر کو شر سمجھ بیٹھتا ہے۔ 

UP
X
<>