May 5, 2024

قرآن کریم > مريم >surah 19 ayat 93

اِنْ كُلُّ مَنْ فِي السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ اِلَّآ اٰتِي الرَّحْمٰنِ عَبْدًا

آسمانوں اور زمین میں جتنے لوگ ہیں ، ان میں سے کوئی ایسا نہیں ہے جو خدائے رحمن کے حضور بندہ بن کر نہ آئے

 آیت ۹۳:  اِنْ کُلُّ مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ اِلَّآ اٰتِی الرَّحْمٰنِ عَبْدًا:    «نہیں ہے کوئی آسمانوں اور زمین میں مگر وہ آئے گا رحمن کے حضور بندے کی حیثیت سے۔»

            ہر انسان، کسے باشد! اللہ تعالیٰ کی عدالت میں ایک مطیع فرمان بندے کی حیثیت سے پیش ہو گا۔ حضور بھی ایک بندے کی حیثیت میں اللہ کے حضور حاضر ہوں گے۔ ہم آپ کو عَبْدُہُ وَرَسُوْلُہ کہتے اور مانتے ہیں۔ آپ کا فرمان ہے: «لِوَاءُ الْحَمَدُ بِیَدِیْ» کہ اس روز میدانِ حشر میں حمد کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہو گا۔ حضور اللہ کی عدالت میں کھڑے ہو کر اس کی حمد بیان کریں گے۔ آپ نے فرمایا کہ اس روز میں اللہ کی جو حمد بیان کروں گا وہ آج بیان نہیں کر سکتا۔ چنانچہ معلوم ہوا کہ اس روز ہر کوئی اللہ کے حضور اللہ کا بندہ بن کر حاضر ہو گا۔ اس میں کسی کو کوئی استثناء حاصل نہیں ہو گا۔ چنانچہ حضرت عیسیٰ سے یہ سوال کیا جائے گا:  یٰعِیْسَی ابْنَ مَرْیَمَ أَ اَنْتَ قُلْتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُوْنِیْ وَاُمِّیَ اِلٰہَیْنِ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ.  (المائدۃ: ۱۱۶) «اے مریم کے بیٹے عیسیٰ! کیا تم نے کہا تھا لوگوں سے کہ مجھے اور میری ماں کو بھی معبود بنا لینا، اللہ کے سوا؟» 

UP
X
<>